محبت کا شخصیت کی تعمیر میں اہم کردار، رومانوی تعلقات کی وجہ سے شرکا کے منفی رجحان میں وقت کے ساتھ ساتھ کمی واقع ہوتی ہے،سائنس دان

اتوار 18 مئی 2014 07:42

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18مئی۔2014ء) سائنس دانوں نے کہا ہے کہ رومانوی تعلقات کی وجہ سے شرکا کے منفی رجحان میں وقت کے ساتھ ساتھ کمی واقع ہوتی ہے،شاید اسی لیے محبت کرنے والا وہ نہیں رہتا ہے، جو وہ ہوتا ہے بلکہ محبت اسے کچھ اور ہی بنا دیتی ہے۔جرمن یونیورسٹی جینا اینڈ کیسل' سے وابستہ ماہرین نے تجزیاتی مطالعہ میں کہا ہے کہ تحقیق میں یہ واضح نظر آیا کہ لوگ رومانوی رشتے میں بندھنے کے بعد زیادہ متوازن شخصیت کے مالک بن جاتے ہیں جس سے ان کی شخصیت مستحکم ہوتی ہے۔

سائنسی جریدے 'جرنل آف پرسنالٹی' کی رپورٹ کے مطابق اس مطالعہ میں علم نفسیات کے نظریہ 'بگ فائیو پرسنالٹی ٹریٹس' یعنی شخصیت کی پانچ علامات میں موافقت کی بنیاد پر شخصیات کا جائزہ لینے کے بجائے صرف اعصابی خلل neuroticism کی خاصیت پر توجہ مرکوز رکھی ہے۔

(جاری ہے)

محبت زندگی کی اساس ہے. یہی وہ جذبہ ہے جو انسانوں کے باہمی تعلق کی بنیاد بھی ہے.

اشفاق احمد اس جذبے کی ڈوری سے بندھے ہوئے شخص کو اسیر نہیں بلکہ آزاد کہتے ہیں جو انا کے بت کو توڑنے کے بعد جب محبت کی دنیا میں قدم رکھتا ہے تو مکمل طور پر آزاد ہو جاتا ہے۔

شاید اسی لیے محبت کرنے والا وہ نہیں رہتا ہے، جو وہ ہوتا ہے بلکہ محبت اسے کچھ اور ہی بنا دیتی ہے۔اب اس فلسفے کی ماہرین نفسیات نے بھی تصدیق کر دی ہے جن کا کہنا ہے کہ محبت بھرے تعلقات نوجوانوں کی شخصیت کی مثبت تعمیر میں معاون ہوسکتے ہیں۔کرسٹین فن کے مطابق ایک طرف تو نوجوان جوڑوں میں باہمی تعاون بڑھا تو دوسری جانب ان کے فہم و ادارک میں اضافہ ہوا جس نے اہم کردار ادا کیا۔

خاص طور پر ایک ساتھی کے زندگی میں ہونے سے جو پیار کے جذبات اور مثبت تجربات انھیں حاصل ہوئے، اس سے بلواسطہ طور پر ان کی شخصیت میں تبدیلی پیدا ہوئی اورٹھیک اسی وقت ان کی سوچ کا نظریہ اور منفی حالات پر ردعمل کا خیال بھی مکمل طور پر تبدیل ہو گیا۔ڈاکٹر فن نے کہا کہ محبت زیادہ اعتماد کے ساتھ زندگی سے نمٹنے میں ہماری مدد کرتی ہے بجائے اس کے کہ چیزوں کو منفی انداز میں دیکھا جائے۔

سائنس دانوں نے اس مطالعے میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین میں بھی محبت کے اثرات کا جائزہ لیا ہے جن کا کہنا ہے کہ اگرچہ ہر انسان محبت کے تعلقات پر مختلف ردعمل ظاہر کرتا ہے لیکن طویل محبت بھرے رشتے کا اثر زیادہ مثبت ہوتا ہے۔ماہرین کے مطابق تحقیق کے نتائج ایک مثبت پیغام پر مشتمل ہیں کہ محبت کے ساتھ منفی سوچوں سے درگزر کیا جا سکتا ہے۔