پی آئی اے کی تنظیم نوکے عمل میں بہرصورت ملازمین کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے، اسحاق ڈار ،پی آئی اے کیلئے مزید جہازوں کے حصول کے عمل کی رفتار تیز کی جائے،حکومت قومی ائرلائنز میں مالی اعتدال کیلئے بھرپور حمایت فراہم کرے گی،وزیراعظم کے مشیر برائے ہوابازی سے ملاقات کے دوران اظہار خیال

اتوار 18 مئی 2014 07:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18مئی۔2014ء)وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ہدایت کی ہے کہ پی آئی اے کی تنظیم نو(ری سٹرکچرنگ) کے عمل میں بہرصورت ملازمین کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے،پی آئی اے کیلئے مزید جہازوں کے حصول کے عمل کی رفتار تیز کی جائے،حکومت قومی ائرلائنز میں مالی اعتدال کیلئے بھرپور حمایت فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز وزیراعظم کے مشیر برائے ہوابازی شجاعت عظیم نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے وزارت خزانہ میں ایک تفصیلی ملاقات کی جس دوران انہوں نے وزیرخزانہ کو پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کی موجودہ صورتحال پر اعتماد میں لیا،شجاعت عظیم نے سینیٹر اسحاق ڈار کو پی آئی اے میں متعارف کرائی جانے والی اصلاحات سے تفصیلاً آگاہ کرتے ہوئے قومی ائیرلائنز کی موجودہ کارکردگی اور بہتری کے حوالے سے بتایا،اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز کی کارکردگی کو بہتر بنائے جانے اور ائیرلائنز میں جدت لانے کے حوالے سے وزیراعظم کے مشیر برائے ہوابازی کے اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا،انہوں نے ہدایت کی کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کی تنظیم نو(ری سٹرکچرنگ) کے عمل میں ملازمین کے مفادات کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے،وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اور مسافروں کی سہولت کیلئے پی آئی اے کے ہوائی بیڑے کے لئے مزید جہازوں کا حصول تیز رفتار بنایا جائے،انہوں نے شجاعت عظیم کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت پاکستان قومی ائیرلائنز میں مالی اعتدال لانے کیلئے ہر ممکن حمایت کرے گی،ملاقات کے دوران وزارت خزانہ کے مشیر رانا اسد امین اور وزارت خزانہ کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔