ایشین گیمز سے قبل غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان آنے کی دعوت دینے کیلئے اختر رسول اور رانا مجاہد کی ایف آئی ایچ کے صدر لیاندرونگر سے ملاقات ،یہاں آنے کا مقصد پاکستان میں عالمی ہاکی کی بحالی کے لیے ایف آئی ایچ اور دوسرے ملکوں کی حمایت حاصل کرنا ہے ، رانا مجاہد ،پی ایچ ایف کے سابق صدر قاسم ضیاء ہیگ میں ہونے والے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں اختر رسول کی جگہ پاکستان کی نمائندگی کے لئے ہالینڈ روانہ

اتوار 8 جون 2014 07:18

روٹرڈیم(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8جون۔2014ء) انیس ستمبر سے جنوبی کوریا میں شروع ہونے والے سترویں ایشین گیمز سے پہلے غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان آنے کی ترغیب دینے کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر اختر رسول اور سیکریٹری رانا مجاہد ان دنوں نیدرلینڈز میں موجود ہیں۔پی ایچ ایف کے دونوں عہدے دار ہاکی کے عالمی ادارے ایف آئی ایچ کے صدر لیاندرو نگرے سے ملاقات کے دوران پاکستان میں عالمی ہاکی کی بحالی کے لیے تعاون کی درخواست کریں گے۔

مجاہد کا کہنا ہے کہ ان کا یہاں آنے کامقصد پاکستان میں عالمی ہاکی کی بحالی کے لیے ایف آئی ایچ اور دوسرے ملکوں کی حمایت حاصل کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وہ ایشیا گیمز سے پہلے کوریا اور ملائیشیا کے ہاکی دوروں کے لیے دونوں ملکوں کے حکام سے بھی بات چیت کریں گے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ پاکستان اس مرتبہ2010 گوانگ زو میں ایشیا گیمز میں حاصل ہونے والے تاج کا دفاع کرے گا۔

مجاہد کا مزید کہنا تھا کہ وہ انڈیا کے ساتھ باہمی سیریز کے لیے پڑوسی ملک کی فیڈریشن سے بھی ملیں گے۔مجاہد کے مطابق پاکستان ہاکی کی ترقی اور بحالی ان کا اہم ترین مقصد ہے۔دوسری جانب پی ایچ ایف کے سابق صدر قاسم ضیاء دس جون کو ہیگ میں ہونے والی ایف آئی ایچ کے ایگزیکٹیو بورڈ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے جا رہے ہیں۔اگرچہ اختر رسول پی ایچ ایف کے سربراہ ہیں، لیکن ایف آئی ایچ کے ایگزیکٹیو بورڈ کے رکن ہونے کی حیثیت سے ضیاء ہی اس اجلاس میں شریک ہوں گے۔