شہر قائد میں ٹارگٹ کلنگ نہ تھمنے کا سلسلہ جاری، مختلف علاقوں میں پولیس اہلکار سمیت7 افراد کو موت کی نیند سلادیا گیا، دو افراد زخمی ہوگئے ،منگھوپیر تھانے کی حدود میں رینجرز مقابلہ، کالعدم تحریک طالبان کے 2 مبینہ کارکن ہلاک،پولیس نے بلوچ کالونی کے علاقے میں کارروائی کرکے 9 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی

اتوار 8 جون 2014 07:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8جون۔2014ء)شہر قائد میں حکومتی دعووٴں اور پولیس و رینجرز کی جانب سے دکھائی جانے والی کارکردگیوں کے باوجود ٹارگٹ کلنگ کا کاروبار عروج پر قانون نافذ کرنے والے ادارے بے بس اور ٹارگٹ کلرز اپنے ہدف کو نشانہ بناکر فرار ہونے میں کامیاب شہر کراچی میں ٹارگٹ کلنگ نہ تھمنے کا سلسلہ جاری جس کے نتیجے میں ہفتے کے روز بھی شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اہلکار سمیت7 افراد کو موت کی نیند سلادیا گیا جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق لیاقت آبا د میں نا معلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو زخمی کر دیا جو دوران علاج اپنی زندگی کی بازی ہار گیا پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت نہیں ہوسکی ہے ۔رضویہ سوسائٹی میں بھی نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو ہلاک کر دیا ۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے کی شناخت فضل عباس کے نام سے ہوئی ہے پولیس کا کہنا ہے کہ شاید مقتول کوفرقہ وارانہ بنیاد پر قتل کیاگیا ہے۔

دوسری جانب کورنگی میں بھی ٹارگٹ کلرز دنداناتے ہوئے ایک شخص کو گولیاں مار کر ہلاک کرگئے جبکہ اس واقع میں ایک شخص زخمی بھی بتایا جاتا ہے ۔لیاری ایکسپریس وے پر ایک ایمبولنس پر فائرنگ سے ڈرائیور ہلاک ہوگیا جس کی شناخت راحیل کے نام سے ہوئی ہے۔جبکہ نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ایم اے جناح روڈ کے قریب گارڈن ہیڈکوارٹر پولیس لائن سے ڈیوٹی ختم کرکے گھر جانے والے پولیس اہلکار یوسف شمیم کی جان لے لی ۔

ایس ایچ او پریڈی پولیس اسٹیشن غضنفر کاظمی کا کہنا ہے کہ ٹارگٹ کلرز نے مکمل منصوبہ بندی کے بعد یوسف شمیم کی جان لی ہے۔ادھر اسٹیل ٹاون موڑ پر نامعلوم افراد نے ایک ٹرک پرفائرنگ کردی جس سے ڈرائیور بشیر ہلاک اورکلینر عبیداللہ زخمی ہوگیا،اس کے علاقہ ملیر میں جناح اسکوائر کے قریب بھی نامعلوم شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔دوسری جانب پولیس اور رینجرز نے مختلف علاقوں سے لیاری گینگ وار کے 4 ملزمان سمیت 90 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ادھرکراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود منگھوپیرمیں قانون نافذکرنے والے اداروں کے ساتھ مقابلے کالعدم تحریک طالبان کے 2 مبینہ کارکن ہلاک ہوگئے ہیں،پولیس نے بلوچ کالونی کے علاقے میں کارروائی کرکے 9 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی۔ رینجرز ذرائع کے مطابق رینجرز اور پولیس نے منگھوپیر میں کالعدم تحریک طالبان کے مبینہ دہشت گردوں کی موجودگی میں چھاپہ مارا تو دہشت گردوں نے قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔

رینجرز اور پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 2 مبینہ دہشت گرد مارے گئے۔ملزمان کی لاشوں کوقانون نافذکرنے والے اداروں نے قبضے میں لیکر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا ۔ ترجمان رینجرز نے بتایا کہ اورنگی ٹاوٴن تھانے کی حدود منگھوپیر میں رینجرز کے ساتھ مقابلے میں کالعدم تنظیم کے 2 مبینہ کارکن ہلاک ہوگئے ہیں۔ ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے 2 ٹی ٹی پستول اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے۔ دوسری جانب پولیس نے بلوچ کالونی کے علاقے میں کارروائی کرکے 9 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی ہے۔ گرفتار ملزمان میں 2 ٹارگٹ کلر بھی شامل ہیں۔ پولیس نے ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔