سپیکر قومی اسمبلی نے انتخابی اصلاحات پر مجوزہ پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے لئے پارلیمانی لیڈروں سے نام طلب کر لئے، کمیٹی 33 اراکین پر مشتمل ہوگی جس میں تمام پارلیمانی جماعتوں کو ایوان میں ان کی نمائندگی کے تناسب سے کمیٹی میں نمائندگی دی جائے گی۔ ایوان میں موجود بڑی جماعتوں نے ایک رکنی جماعتوں کوکمیٹی میں نمائندگی دینے کے لیے اپنی ایک ایک نشست چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا

ہفتہ 21 جون 2014 08:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21جون۔ 2014ء)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے انتخابی اصلاحات پر مجوزہ پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے لئے پارلیمانی لیڈروں سے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں ان کے اراکین کے نامطلب کر لئے ، مجوزہ کمیٹی اراکین پارلیمان پر مشتمل ہوگی جس میں تمام پارلیمانی جماعتوں کو ایوان میں ان کی نمائندگی کے تناسب سے کمیٹی میں نمائندگی دی جائے گی، کمیٹی کے اجلاس روزانہ کی بنیادوں پر ہو ں گے اور مقررہ مدت میں سفارشات پیش کی جائیں گی۔

جمعہ کے روز اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں انتخابی اصلاحات پر مجوزہ پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے حوالے سے ایک اہم مشاوراتی اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف پارلیمانی سیاسی جماعتوں کے اراکین پارلیمان نے شرکت کی اور کمیٹی کی تشکیل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دورا ن اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ یہ اجلاس ایوان میں متفقہ طور پر منظور ہونے والی قرارداد کے پیش نظر انتخابی اصلاحات کے لیے کمیٹی کی تشکیل پر مشاورت کے لیے بلایا گیا ہے اور یہ کمیٹی گزشتہ انتخابات میں پائی جانے والی خامیوں کی نشاندہی اور آئندہ آزادانہ منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے شفارشات پیش کرے گی۔

سردار ایاز صادق نے زور دیا کہ معاملے کی اہمیت کے پیش نظر کمیٹی روزانہ کی بنیادوں پر اجلاس منعقد کرے اور مقررہ مدت میں اپنی سفارشات پیش کرے۔انہوں نے کہا کہ مجوزہ کمیٹی کی مقررہ مدت میں ایک ماہ کی توسیع کی تجویز سے انہوں نے اتفاق نہیں کیا ۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ کمیٹی ایسی تجاویز پیش کرے گی جس پر سب سیاسی جماعتیں متفق ہونگیں۔

تفصیلی بحث کے بعد تمام شرکاء نے مجوزہ کمیٹی کی تشکیل پر اتفاق کیااور فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی 33 اراکین پر مشتمل ہوگی جس میں تمام پارلیمانی جماعتوں کو ایوان میں ان کی نمائندگی کے تناسب سے کمیٹی میں نمائندگی دی جائے گی۔ ایوان میں موجود بڑی جماعتوں نے ایک رکنی جماعتوں کوکمیٹی میں نمائندگی دینے کے لیے اپنی ایک ایک نشست چھوڑنے کا فیصلہ کیا ۔

انہوں نے پارلیمانی لیڈروں سے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں اپنے ممبران کے نام جلد بجھوانے کے لیے کہا ۔اسپیکر نے کمیٹی کے شرکاء کو بتایا کہ وہ چیئرمین سینٹ کو اعتماد میں لینے کے لیے ان سے ملاقات کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ مجوزہ کمیٹی کی تشکیل کے لیے ایسی ہی قرارداد سینٹ میں بھی پیش کی جائے گی۔جمعی کو ہونے والے اس اہم اجلاس میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ، رانا تنویر حسین وزیر برائے دفاعی پیداوار ، زاہد حامد وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی ، خواجہ سعد رفیق ، وزیر برائے ریلوے ، شیخ آفتا ب احمد وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور،اراکین قومی اسمبلی آفتاب احمدخان شیرپاؤ ، مولانا فضل الرحمن ، متحرمہ شاہدہ اختر علی ، غوث بخش خان مہر ، صاحبزادہ طارق اللہ ، انجنیئر عثمان خان ترکئی، سید نوید قمر، عبدالرحیم مندوخیل ، محمود خان اچکزئی ، سفیان یوسف ، شیخ رشید احمد ،محمدمزمل قریشی اور ڈاکٹر عارف علوی نے شرکت کی۔

اسپیکر نے اجلاس میں شرکت کرنے پر پارلیمانی لیڈروں اور سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کا شکریہ ادا کیا ۔

متعلقہ عنوان :