قوم نواز شریف اور شہباز شریف سے استعفیٰ مانگ رہی ہے وہ استعفیٰ دیں،جاوید ہاشمی ، رانا ثناء الله اور توقیر شاہ کے استعفے لینے سے حکومت نہیں بچے گی، میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 21 جون 2014 08:15

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21جون۔ 2014ء) پاکستانی تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ قوم نواز شریف اور شہباز شریف سے استعفی مانگ رہی ہے وہ استعفیٰ دیں شہباز شریف کے رانا ثناء الله اور توقیر شاہ کے استعفے لینے سے ان کی حکومت نہیں بچے گی۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کی شب ملتان ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہاکہ نواز شریف شہباز کے گلو بٹ صرف لاہور میں نہیں بلکہ ہر جگہ ہر شہر میں موجود ہیں اب ملتان کا گلو بٹ صوبائی وزیر جیل خانہ جات وحید آرائیں ہیں جس کا انجام بھی لاہور کے گلو بٹ کی طرح چند روز میں ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا علم شہباز شریف کو تھا اور یہ سب کچھ ان کی ایماء پر ہوا ہے کیونکہ ان کا اپنا گھر ماڈل ٹاؤن کی تیسری گلی میں ہے انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے لوگ پر امن لوگ ہیں ان کے ساتھ تشدد ہوا ہے‘ ظلم ہوا ہے ‘ بربریت ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عوامی کے لوگ تشدد پر یقین نہیں رکھتے۔ شہباز شریف وغیرہ نے لوگوں پر تشدد کیا ہے‘ بچیوں پر گولیاں چلی ہیں جس کا انہیں حساب دینا پڑے گا انہوں نے کہا کہ 83 لوگ زخمی ہوئے ہیں اور بارہ شہید ہوچکے ہیں اور اسی معاملے پر ان کی چھٹی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ توقیر شاہ ڈاکو ہے غنڈا ہے توقیر شاہ کو پہلے بھی نواز شریف نے ہٹایا تھا مگر شہباز شریف نے پھر رکھ لیا کیونکہ شہباز شریف توقیر شاہ کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ملتان کے وحید آرائیں کا باپ میرے ڈیرے پر پڑا رہتا تھا یہ بہت بڑا قبضہ گروپ ہے اور عوام ان سے ان کا حساب لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف وہ استعفیٰ دے کر کمیشن کے بطور ملزم پیش ہوں انہوں نے کہا کہ لاہور کا سانحہ بہت بڑا سانحہ ہے اور وزیر اعلیٰ کہتا ہے کہ مجھے علم نہیں انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ابھی عوامی تحریک کی 24 جون کی لاہور میں منعقد ہونے والی ریلی میں شرکت کا فیصلہ نہیں کیا ہے تاہم آج ہم مظلوموں کے ساتھ ہیں انہوں نے کہاکہ جرم ‘ بربریت اور تشدد کا نظام نہیں چلے گا اور یہ لوگ اپنے انجام پہنچیں گے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو کمیشن پر اعتماد نہیں ہے ماضی میں بھی کمیشن بنتے رہے ہیں لیکن ان کی رپورٹیں نہیں آئی ہیں اسی وجہ سے انہوں نے کمیشن کو مسترد کردیا ہے انہوں نے کہا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی حکمرانی کے دن گنے جاچکے ہیں اور انہیں چاہیے کہ وہ اپنی غلیوں پر اور سانحہ لاہور پر خصوصاً ان سے معافی مانگیں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف جنوبی پنجاب کا پچیاسی فیصد بجٹ پہلے بھی لاہور لے گئے تھے اور اب بھی یہ پیسہ لاہور میں ہی لے جانا چاہتے ہیں جنوبی پنجاب کو محرومی کا شکار کیا ہوا ہے اور ان کا انجام برا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ آج لاہور شہر کا ہر شہری خون کے آنسو رو رہا ہے اور اہل لاہور کی آنکھوں میں لہو ہے اور لوگ شریف برادران کے خلاف ہوچکے ہیں کیونکہ میں لاہور کے لوگوں کو بہت اچھی طرح جانتا ہوں۔