ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف کے قتل کے الزام میں دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا

ہفتہ 21 جون 2014 08:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21جون۔ 2014ء)لاہور میں قتل ہونے والی ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف کے قتل کے الزام میں دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سی آئی اے پولیس نے دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے اور ان سے نا معلوم مقام پر تفتیش کی جا رہی ہے۔ جس جگہ یہ واقعہ پیش آیا تھا وہاں موجود عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں کی عمریں 25سے 30سال کے درمیان تھیں۔

تاہم پولیس کیاعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ اس بارے میں میڈیا کو بہت جلد آگاہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء طاہرہ آصف کی نماز جنازہ لاہور میں ادا کر دی گئی ، جنازیمیں ایم کیوایم ، پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے رہنماؤں نے شرکت کی۔مسلم لیگ (ن )کے رہنما پرویز ملک بھی جنازے میں شریک ہوئے۔تحریک انصاف کے رہنما محمودالرشید نے طاہرہ آصف کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف طاہرہ آصف جیسی متحرک سیاسی لیڈرکے قتل کی بھرپور مذمت کرتی ہے ،ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت صوبے میں امن و امان کے قیام میں ناکام ہوچکی ہے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما شوکت بسرا نے پنجاب حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند روز کے دوران لاہور میں ہونے والے پر تشدد واقعات پنجاب حکومت کی کارکردگی کا ثبوت ہیں۔