شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن شروع کرتے وقت صوبائی حکومت کو اعتماد میں نہیں لیا گیا،سراج الحق ،صوبائی حکومت اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں، وزیرستان متاثرین کی امداد کے سلسلے میں فنڈز کی کمی آڑے نہیں آئیگی ،صوبائی حکومت نے آپریشن متاثرین کیلئے35کروڑ روپے مختص کئے ہیں، مزید فنڈز کی ضرورت پڑی تو اس کا انتظام بھی کرلیا جائیگا،صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 21 جون 2014 08:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21جون۔ 2014ء)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر اور سینئر صوبائی وزیر سراج الحق نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن شروع کرتے وقت صوبائی حکومت کو اعتماد میں نہیں لیا گیا لیکن اس کے باوجود صوبائی حکومت اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں اور وزیرستان متاثرین کی امداد کے سلسلے میں فنڈز کی کمی آڑے نہیں آئیگی ۔

صوبائی حکومت نے آپریشن متاثرین کیلئے35کروڑ روپے مختص کئے ہیں اور مزید فنڈز کی ضرورت پڑی تو اس کا انتظام بھی کرلیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر ہاؤس بنوں میں شمالی وزیرستان آپریشن کے متاثرین کیلئے ریلیف سرگرمیوں کا جائزلینے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کے بعد بکاخیل ،ایف آر بنوں میں قائم ریلیف کیمپ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو اور بعد ازاں جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کی مقامی قیادت سے آپریشن متاثرین کی امداد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان،صوبائی ترجمان اسرار اللہ ایڈوکیٹ،ضلعی امیر مفتی صفت اللہ،الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کے میڈیا کوارڈینٹر نور الواحد جدون اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق نے مزید کہا کہ متاثرین شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ شمالی وزیرستان آپریشن کے متاثرین کی امد اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کیلئے دن رات ایک کردیں۔

جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق کو بتایا کہ ضلع بنوں میں جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن نے جگہ جگہ امدادی کیمپس قائم کردیئے ہیں جبکہ ابتدائی طبی امداد کیلئے الخدمت فاؤنڈیشن نے3مقامات پر میڈیکل کیمپ قائم کردیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام لیڈی پارک اور میلاد پارک میں آپریشن متاثرین کیلئے رہائشی کیمپ قائم کردیئے گئے ہیں جہاں انہیں رہائش کی سہولتوں کے ساتھ ساتھ کھانے پینے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔

قبل ازیں کمشنر ہاؤس بنوں میں امیر جماعت اسلامی وسینئر وزیر سراج الحق نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں کمشنر بنوں ڈویژن ،ڈپٹی کمشنر،ڈی آئی جی ،جماعت اسلامی کے صوبائی امیر پروفیسر ابراہیم خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں شمالی وزیرستان آپریشن کے متاثرین کیلئے ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے اس موقع پر ہدایت کی کہ متاثرین شمالی وزیرستان آپریشن کی بھرپور امداد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں سحری وافطاری کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں اور متاثرین کو طبی سہولیات بہم پہنچائی جائیں۔