پاک بھارت سیریز اگلے سال دسمبر میں ہوگی، بی سی سی آئی کو بھارتی حکومت سے گرین سگنل مل گیا ،نجم سیٹھی، بگ تھری کی حمایت مشروط طور پر کی تھی ، آئی سی سی اجلاس میں اپنے واضح موقف سے آگاہ کرینگے ، محمد عامر کی سزا ختم کرنے کے حوالے سے بھی درخواست کی جائے گی ، آئی سی سی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں شمولیت چاہتے ہیں ، بھارت کیخلاف ہوم سیریز آئندہ سال دسمبر میں شیڈول ہے ، چیئرمین پی سی بی کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 21 جون 2014 08:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21جون۔ 2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہکہ پاک بھارت کرکٹ سیریز اگلے سال دسمبر میں ہوگی بی سی سی ٓائی کو بھارتی حکومت سے گرین سگنل مل گیا ہے۔ بگ تھری کی حمایت مشروط طور پر کی تھی آئی سی سی سے کہا تھا کہ ہماری شرائط پوری کی جائیں جن میں دوطرفہ سیریز جس میں ہوم سیریز بھی شامل تھی پاکستان ٹیمیں بھجوانے کی بات بھی شامل تھی اور اسی بنیاد پر بگ تھری کی حمایت کی تھی ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس 23 جون کو یو اے ای میں ہوگا جس میں بگ تھری اور لیفٹ آرم فاسٹ باؤلرز محمد عامر کی سزا ختم کرنے کے حوالے سے ایشو پر بات کی جائے گی

اس کے علاوہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے بھی اپنا موقف واضح کیاجائے گا اور اسی بنیاد پر بگ تھری کی حمایت کی گئی تھی ۔

(جاری ہے)

نجم سیٹھی نے کہا کہ آئی سی سی سے کہا ہے کہ پاکستان آئی سی سی ایگزیکٹو کمیٹی میں شمولیت چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی حالات کی وجہ سے دورہ آئرلینڈ ملتوی ہوا اور سری لنکا کی ٹیم کا دوہ بھی ا لتواء میں چلا گیا ۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز اگلے سال دسمبر میں ہوگی اور سیریز یو اے ای میں ہونے کا امکان ہے تاہم سیریز کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ سے قانونی معاہدہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت سیریز کے لیے بی سی سی آئی کو بھی بھارتی حکومت سے گرین سگنل مل چکا ہے جبکہ دونوں ممالک کی ٹیموں کے درمیان فیوچرٹور پروگرام کے لیے دبئی میں دستخط ہوچکے ہیں جس کے تحت دونوں ٹیموں کے درمیان 5 سال میں 6سیریز کھیلی جائیں گی