وسیلہ روزگار کے بقایا جات کی ادائیگی جلد کر دی جائے گی، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام

منگل 8 جولائی 2014 06:50

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8جولائی۔2014ء) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں وسیلہ روزگار پروگرام کا آغازستمبر2011 ء میں کیا جبکہ فنی تربیت کا باقاعدہ آغاز فروری2012 ء میں کیا گیا-آغاز میں 70 ہزار مستحقین کو تربیت دینا مقصود تھا اور اب تک 57817 مستحقین کو وسیلہ روزگار کے تحت فنی تربیت دی جا چکی ہے-اب تک اداروں کو تقریباً 79.9 کروڑ روپے ادا کئے جا چکے ہیں اور 36.8 کروڑ روپے بقایا ہیں جس حساب سے وسیلہ روزگار کے تقریباً 70 فیصد واجبات ادا کئے جا چکے ہیں-ان اداروں کو آخری قسط ادا کرنے کے حوالے سے بی آئی ایس پی بہت احتیاط کا مظاہرہ کر رہا ہے کیونکہ ادارہ زیادہ سے زیادہ شفافیت اور سرکاری فنڈز کے صحیح استعمال کو ممکن بنانا چاہتا ہے-اسی کے پیش نظر بی آئی ایس پی کے انتظامی بورڈ کے فیصلے کی بنیاد پر بی آئی ایس پی نے تربیت فراہم کرنے والے اداروں کی پرفارمنس کو جانچنے کیلئے ایک ٹریسر سٹڈی کا آغاز کیا ہے جس میں ادارے کی جانچ پڑتال زیر تربیت افراد کی حاضری اور تربیت کے معیار وغیرہ شامل ہیں تاکہ مستحقین کو دی جانے والی تربیت کی تصدیق کی جا سکے-ٹریسر سٹڈی مکمل ہونے کے بعد اداروں کے واجبات میں مدد ملے گی-بی آئی ایس پی اے انتظامیہ مسلسل کوشش کر رہی ہے کہ ادائیگی کو مکمل کیا جائے مگر اس سلسلے میں بی آئی ایس پی انتظامی بورڈ کے فیصلے کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا-بی آئی ایس پی انتظامیہ کی جانب سے 15مئی2014کو تربیت فراہم کرنے والوں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں اداروں کو ڈیزائین کے حوالے سے اہم تبدیلیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا اس کے علاوہ انہیں ٹریسر سٹڈی کے حوالے سے بی آئی ایس پی بورڈ کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا گیا اور انہوں نے ٹریسر سٹڈی مکمل ہونے پر ادائیگی پراتفاق کیا-سٹڈی ابھی جاری ہے اور سٹڈی کے مکمل ہونے پر اسی حساب سے اداروں کے واجبات پراسس کئے جائیں گے-یہ سٹڈی رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے اختتام تک مکمل ہو جائے گی-اس کے بعد واجب الادا ادائیگیاں عمل میں لائی جائیں گی-موجودہ انتظامیہ جلد ہی سروس فراہم کرنے والے کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کرنے کے لیے منصوبہ بنا رہی ہے تاکہ تربیت فراہم کرنے والوں کی شکایات کو سنا جائے، بی آئی ایس پی کا موقف بتایا جائے اور حقیقی دعوے داروں کی ادائیگیوں کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

جبکہ بی آئی ایس پی کا وسیلہ روزگار پروگرام رقوم کی عدم ادائیگیوں کی وجہ سے نہیں روکا گیا جبکہ اس کو روکنے کی وجہ پروگرام کے ڈیزائین میں تبدیلیاں ہیں- نئے ڈیزائین کے مطابق پروگرام میں اقتصادی مواقع ، ضروریات اور مستحقین کی خصوصیات کا اندازا لگایا جائے گا-اس کے نتیجے میں مستحقین یا ان کے نامزد کردگان کو تربیت دیتے وقت نوکری ملنے کے مواقع بھی سامنے رکھے جائیں گے-مزید اہم جزو جن میں سماجی تحریک کیریئر کونسلنگ اور تیسری پارٹی سے تصدیق کو بھی ڈیزائین میں شامل کیا گیا ہے -اس سے پہلے یہ تمام جزو وسیلہ روزگار پروگرام میں شامل نہیں تھے- بی آئی ایس پی کی انتظامیہ فنی تربیت کے پروگرام کو ازسرنوشروع کرنے کے حوالے سے پرعزم ہے جس کا ڈیزائین جامع ہو گا اور بی آئی ایس پی کے مستحقین کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے معاون ثابت ہو گا-