لاہور ہائیکورٹ، این اے 122کے انتخابات کو کالعدم قرار دینے کیلئے دائر انتخابی عذر داری کے خلاف عمران خان کے وکیل کو حتمی بحث کے لئے طلب

منگل 8 جولائی 2014 06:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8جولائی۔2014ء)لاہور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122کے انتخابات کو کالعدم قرار دینے کے لئے دائر انتخابی عذر داری کے خلاف عمران خان کے وکیل کو حتمی بحث کے لئے طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجازالاحسن نے کیس کی سماعت کی۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 سے ناکام امیدوار عمران خان نے الیکشن ٹربیونل میں حلقے کے انتخابی نتائج کو غیر مصدقہ دستاویزات کے ساتھ چیلنج کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غیر مصدقہ دستاویزات کی بنیاد پر ٹربیونل کی کاروائی کو آگے نہیں بڑھایا جا سکتا جبکہ عمران خان رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے ان انتخابات کو چیلنج کرنے کا قانونی جواز نہیں رکھتے لہذا الیکشن ٹربیونل کو کاروائی سے روکا جائے۔عمران خان کے وکیل نے جواب الجواب داخل کرنے کے لئے عدالت سے مزید مہلت کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہ اگرمتفرق درخواستوں کی بنیاد پر تاریخیں دینے لگے تو پوری عمر اس کیس کا فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔عدالت نے عمران خان کے وکیل کو حتمی بحث کیلئے طلب کرتے ہوئے مزید سماعت آٹھ جولائی تک ملتوی کر دی۔