وزیراعظم نوازشریف سے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کی ملاقات، وزارت کی ایک سالہ کارکردگی بارے آگاہ کیا ،ملک میں مذہبی اہم آہنگی کیلئے علماء مشائخ کونسل کا قیام ضروری ہے،13 نکات پر تمام مکاتب فکر متفق ہیں صرف وزیراعظم کی منظوری کی دیر ہے، سردار یوسف، حکومت کی کارکردگی وزراء کی کارکردگی کے ساتھ منسلک ہے ، مزید بہتری لائی جائے، دوران حج عازمین کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، وفاقی وزیر کو وزیراعظم کی ہدایت، وزیر مذہبی امور کا ہزارہ ڈویژن کیلئے موٹروے کی منظوری پر بھی اظہار تشکر

منگل 8 جولائی 2014 06:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8جولائی۔2014ء) وزیراعظم محمدنوازشریف سے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی ملاقات، وزارت کی ایک سالہ کارکردگی بارے آگاہ کیا ،سردار یوسف نے کہاہے کہ ملک میں مذہبی اہم آہنگی کیلئے علماء مشائخ کونسل کا قیام ضروری ہے،13 نکات پر تمام مکاتب فکر متفق ہیں صرف وزیراعظم کی منظوری کی دیر ہے جبکہ وزیراعظم میاں نوازشریف نے سردار یوسف کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت کی کارکردگی وزراء کی کارکردگی کے ساتھ منسلک ہے ، مزید بہتری لائی جائے، دوران حج عازمین کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، سردار یوسف کو وزیراعظم کی ہدایت، وزیر مذہبی امور کا ہزارہ ڈویژن کیلئے موٹروے کی منظوری پر بھی اظہار تشکر۔

باوثوق ذرائع نے ”خبر رساں ادارے“ کو بتایا کہ پیر کے روز وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم میاں نوازشریف سے ون آن ون ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا جبکہ سردار محمد یوسف نے وزارت کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ بھی وزیراعظم کو پیش کی جس پر وزیراعظم میاں نوازشریف نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے زوردیا کہ حکومت کی کارکردگی وزراء کی کارکردگی سے منسلک ہے اور وزراء اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں۔

ذرائع نے مزید بتایاکہ سردار محمد یوسف نے وزیراعظم میاں نوازشریف کو بتایا کہ ملک سے فرقہ واریت کے خاتمے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے وفاقی دارالحکومت سمیت چاروں صوبوں میں علماء مشائخ کانفرنس کا انعقاد کیاگیا جس میں تمام مکاتب فکر کو مدعو کیاگیا تھا اور 13نکاتی متفقہ اعلامیہ منظور کیاگیاہے انہوں نے وزیراعظم کو 13نکاتی متفقہ اعلامیہ کی تفصیلات بتائے ہوئے کہاکہ مذہبی ہم آہنگی کیلئے متفقہ علماء مشائخ کونسل کا قیام ضروری ہے جس کیلئے وزیراعظم کی منظوری کا انتظار ہے جس پر میاں نوازشریف نے سردار یوسف کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

سردار محمد یوسف نے حج 2014ء کے حوالے سے بھی وزیراعظم کو بریفنگ دی اور پہلے آئیے پہلے پائیے کے تحت سرکاری سکیم کی تفصیلات بتائیں جس پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عازمین حج کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں اور اس سلسلے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔ ملاقات کے دوران ہزارہ ڈویژن کے مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا اور وفاقی وزیر نے کہاکہ بجٹ میں ہزارہ ڈویژن کیلئے موٹروے بنانے سے عوام کے مسائل میں کافی حد تک کمی آئے گی اور اس اہم منصوبے پر وزیراعظم کے مشکور ہیں انہوں نے وزیراعظم سے ہزارہ صوبہ کے قیام کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا ۔

ملاقات کے حوالے سے جب سردار محمد یوسف کے پرسنل سیکرٹری پروفیسر قمر سجاد سے ”خبر رساں ادارے“ نے رابطہ کیا تو انہوں نے ملاقات بارے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی وزیر نے اپنی ایک سالہ کارکردگی بارے وزیراعظم کو آگاہ کیا جبکہ ملک کی موجودہ امن وامان و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیاہے اور وفاقی وزیر مذہبی امور نے اپنے حلقہ مانسہرہ کے مسائل کے حوالے سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔