چوتھا آئی ایم ایف جائزہ، وزارتوں، ڈویژنوں اور اداروں سے ڈیٹا طلب،رپورٹ ڈیٹا کے ساتھ بھیجی جائیگی، آئی ایم ایف جائزے کے بعد مذاکرات کیلئے شیڈول دیگا، ذرائع

جمعرات 17 جولائی 2014 07:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جولائی۔2014ء) وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف کے ساتھ چوتھے اقتصادی جائزے کے لیے تمام وزارتوں، ڈویژنوں اور اداروں سے سال 14-2013 کی آخری سہ ماہی (اپریل سے جون 2014) تک کا ڈیٹا اور ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔اس ضمن میں دستیاب ستاویز کے مطابق وزارت خزانہ کے ایکسٹرنل فنانس ونگ کی طرف سے لیٹر جاری کیا گیا ہے جس میں متعلقہ وزارتوں سے کہا گیا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)کو گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی کا ڈیٹا فراہم کرنا ہے جس کے لیے متعلقہ وزارتوں و ڈویژنوں اور اداروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ آئندہ ہفتے تک تمام متعلقہ ڈیٹا اور ریکارڈ وزارت خزانہ کے ایکسٹرنل فنانس ونگ کو پہنچائے جائیں تاکہ رپورٹ تیار کرکے آئی ایم ایف کو ڈیٹا کے ساتھ منسلک کرکے فراہم کی جا سکے۔

(جاری ہے)

دستاویزکے مطابق خزانہ ڈویژ ن کی طرف سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے کہا گیاکہ گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی میں کٹیگری کے حساب سے ٹیکس واجبات کی تفصیل اور یہ بھی بتایا جائے کہ کس ٹیکس کی مد میں کتنے واجبات ہیں، اس کے علاوہ گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی کے دوران ٹیکس وصولیوں کی بھی تفصیلات فراہم کی جائیں اور یہ بتایا جائے کہ آخری سہ میں کتنی ٹیکس وصولیاں ہوئی ہیں۔

دستاویز میں بتایا گیا کہ ریونیو کے حوالے سے ہر مہینہ کی الگ الگ تفصیلات دینا ہوں گی، اسی طرح ماہانہ بنیادوں پر ٹیکس کریڈٹ کی تفصیلات بھی بتانا ہوں گی۔ ذرائع کے مطابق خزانہ ڈویژ ن کی طرف سے مذکورہ ڈیٹا تیار کرکے آئی ایم ایف کو بھجوایا جائے گا جس کا آئی ایم ایف جائزہ لے گا اور پاکستان کو اقتصادی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے آئندہ راؤنڈ کے مذاکرات کے شیڈول کے متعلق آگاہ کرے گا۔

متعلقہ عنوان :