شاہد آفریدی کی شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کی مدد کے سلسلے میں فنڈز اکٹھے کرنے کیلئے ستمبر میں ٹی 20میچ منعقد کروانے کی تجویز ، میچ جلد از جلد منعقد کروانے کہا تھا ، وینیو کی عدم دستیابی کے باعث ستمبر میں کروانے کی تجویز دیتا ہوں ، وزیراعظم نواز شریف ، عمران خان اور معروف کرکٹرز نے میچ میں شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے ، شاہد خان آفریدی

جمعرات 17 جولائی 2014 07:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جولائی۔2014ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کی مدد کے سلسلے میں فنڈز اکٹھے کرنے کیلئے ستمبر میں ٹی 20میچ منعقد کروانے کی تجویز پیش کردی ۔ آفریدی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے یہ میچ جلد از جلد منعقد کروانے کا کہا تھا لیکن وینیو کی عدم دستیابی کے باعث اسے ستمبر میں کروانے کی تجویز دیتا ہوں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ آئی ڈی پیز کیلئے زیادہ سے زیادہ امداد اکٹھی کی جائے اور میرے خیال میں یہ ایک بہترین موقع ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے ای سی بی سے بھی قذافی سٹیڈیم لاہور میں یہ میچ منعقد کروانے کی اجازت دینے کا کہا ہے جبکہ بورڈ نے اس سلسلے میں مثبت جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ دورہ سری لنکا کے بعد وہ ٹی 20میچ کا انعقاد کرسکتے ہیں ۔ شاہد آفریدی کاکہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف ، سابق کپتان عمران خان اور معروف کرکٹرز نے اس میچ میں شرکت کی یقین دہانی کروائی ہے ان کا کہنا تھا کہ میری اس تجویز سے آئی ڈی پیز کی بحالی اور ان کی مدد کیلئے زیادہ سے زیادہ فنڈز اکھٹے کرنے میں مدد ملے گی ۔