پیپلزپارٹی نے شہروں میں آلودگی بارے توجہ دلاؤ نوٹس‘ پی آئی اے میں برطرفیوں بارے تحریک التواء اور فاٹا کے بارے میں تمام تر قانون سازی پارلیمنٹ میں کرنے کے مطالبے کی قرارداد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادی

منگل 22 جولائی 2014 06:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22جولائی۔2014ء) پاکستان پیپلزپارٹی نے شہروں میں آلودگی کے بارے میں توجہ دلاؤ نوٹس‘ پی آئی اے میں برطرفیوں کے بارے میں تحریک التواء اور فاٹا کے بارے میں تمامتر قانون سازی پارلیمنٹ میں کرنے کے مطالبے کی قرارداد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادی ہے‘ پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو‘ بیگم بیلم حسنین‘ عمران ظفر لغاری‘ میر شبیر علی بجارانی اور شاہدہ رحمانی کی طرف سے جمع کرائے گئے توجہ دلاؤ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عالمی بینک کی طرف سے جاری کردہ حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے شہری علاقوں میں فضائی آلودگی دنیا میں انتہائی حد تک پہنچ چکی ہے جس سے انسانی زندگی اور معیشت کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔

توجہ دلاؤ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ماحولیاتی انحطاط اور اس کے انسانی صحت پر اثرات کا معاملہ انتہائی اہم ہے اسے فوری طور پر ایوان میں اٹھایا جانا چاہئے۔

(جاری ہے)

ارکان اسمبلی سید نوید قمر‘ غلام مصطفی شاہ‘ محمد ایاز سومرو‘ اعجاز حسین جاکھرانی اور احسان الرحمن مزاری کی طرف سے جمع کرائی گئی تحریک التواء میں جو قومی اسمبلی کے قواعد اور کوڈ آف بزنس کے قاعدہ 110 کے تحت جمع کرائی گئی ہیں‘ کہا گیا ہے کہ ہماری درخواست ہے کہ ایوان کی معمول کی کارروائی معطل کرکے حکومت کی طرف سے پی آئی اے سے جبری ریٹائرمنٹ یا دباؤ کی بنیاد پر ہزاروں ملازمین کو نکالنے کے منصوبے پر بحث کی جائے۔

دریں اثناء ارکان اسمبلی ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو‘ ڈاکٹر نفیسہ شاہ‘ شازیہ عطاء مری اور سید نوید قمر کی طرف سے ایک قرارداد بھی جمع کرائی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے فاٹا کے بارے میں ہر قسم کی قانون سازی قومی اسمبلی یا سینٹ میں ہونی چاہئے۔