کراچی اور پشاور میں سی این جی سلنڈر دھماکے،6افراد جاں بحق

منگل 22 جولائی 2014 06:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22جولائی۔2014ء)کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں مسافر بس میں سی این جی اسٹیشن پر گیس بھروانے کے دوران دھماکہ ،مسافر بس میں سوار 2افراد جاں بحق 5زخمی ہوگئے،سلنڈر دھماکے سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا ،پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری کو انتظامیہ نے علاقے میں طلب کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق پیر کو کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں فضل مل کے قریب واقع سی این جی اسٹیشن پرروٹ نمبر6کی مسافر بس میں سی این جی بھروانے کے دوران دھماکہ ہوگیا ۔

سی این جی اسٹیشن پر موجود افراد کے مطابق دھماکہ بس کے سلنڈر کی لیکج کے باعث ہوا ۔ دھماکہ کے بعد زخمیوں کو طبی امداد کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سدوران علاج دو زخمی چل بسے جبکہ 5زخمیوں کو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق سی این جی اسٹیشن پر دھماکے کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا جس کے بعد علاقے میں پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری کو بھی طلب کیا گیا ۔

قبل ازیں پشاور کے علاقہ رنگ روڈ پرمیں گاڑی میں نصب سی این جی سلنڈر پھٹنے سے 4 افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔ تفصیلا ت کے مطا بق پشاور کے علاقے رنگ روڈ پرسی این جی اسٹیشن پر گاڑی میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔زخمی ہوانے والے افراد میں سیل مین اور سٹیشن منیجر شامل ہیں ، جبکہ فلنگ اسٹیشن اور قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ اطلاعات کے مطابق گاڑی میں سی این جی بھری جارہی تھی کہ اس دوران زور دار دھماکا ہوگیا جس سے گاڑی کے پرخچے اڑ گئے جبکہ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس سے سی این جی اسٹیشن کی چھت اڑ گئی جبکہ قریب کھڑی مسافر بس کو بھی شدید نقصان پہنچا تاہم مسافر محفوظ رہے۔

متعلقہ عنوان :