کرپشن نے ملک کی بنیادیں کھوکھلی کر دی ہیں،میڈیا معاشرے کے بدعنوان عناصر کو بے نقاب کرے،ممنون حسین،حکومت فیض اللہ کی رہائی کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی، دفتر خارجہ کو بلاکر اس حوالے سے وضاحت طلب کریں گے،فیض اللہ نے کوئی ایسا جرم نہیں کیا کہ اتنی کڑی سزا دی جائے، صحافیوں سے گفتگو

اتوار 3 اگست 2014 09:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3اگست۔2014ء ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ افغانستان کی جیل میں قید صحافی فیض اللہ خان پاکستانی شہر ی ہے، حکومت فیض اللہ کی رہائی کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی،صدر مملکت نے یقین دلایا کہ دفتر خارجہ کو بلاکر اس حوالے سے وضاحت طلب کریں گے،فیض اللہ نے کوئی ایسا جرم نہیں کیا کہ اتنی کڑی سزا دی جائے۔ پاکستانی صحافی فیض اللہ کی رہائی کے لئے کوششیں جاری ہیں، جلد کامیابی کی توقع ہے اور اپنے افغان ہم منصب حامد کرزئی سے بھی رابطہ سمیت فیض اللہ خان کی رہائی کے لیے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔

وہ ہفتہ کو اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) اور کراچی پریس کلب کے نمائندہ وفد سے گفتگو کر رہے تھے ۔ وفد میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور ) کے صدر ادریس بختیار ، کراچی پریس کلب کے سیکریٹری عامر لطیف ، صدر امتیا خان فاران ، کراچی یونین آف جرنلسٹس ( دستور ) کے صدر ساجد عزیز ، سیکریٹری رضوان بھٹی ، نائب صدر محمد احمد ، سینئر جوائنٹ سیکریٹری حامد الرحمن ، جوائنٹ سیکریٹری نعمت خان ، پی ایف یو جے کی مجلس عاملہ کے اراکین افسر عمران ، صوفیہ یزدانی اور صحافی فیض اللہ خان کی اہلیہ ثنیہ فیض بھی شامل تھیں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ وہ صحافی فیض اللہ کی رہائی کے لیے خصوصی دلچسپی لیں گے اورپوری کوشش کریں گے کہ فیض اللہ خان جلداپنے وطن لوٹ آئیں ۔ صحافیوں کے وفد نے نجی ٹی وی چینل جیو کی نشریات اور کیبل آپریٹرز کے نامناسب رویہ سے بھی صدر مملکت کو آگاہ کیا جس پر صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ جیو کے معاملے میں حکومت کا کوئی کردار نہیں۔

حکومت کی جانب سے کسی چینل پر کوئی پابندی نہیں ہے اور تمام چینلز کو برابری کی سطح پر ایک ہی نظر سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا میڈیاگروپس کی آپس کی لڑائی افسوس ناک ہے۔ میڈیا ذمہ داری کا مظاہرہ کرے اور اپنے معاملات بات چیت سے حل کرے۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ کرپشن نے ملک کی بنیادیں کھوکھلی کر دی ہیں۔امید ہے کہ میڈیا کرپشن کے خلاف آواز اٹھائے گا۔میڈیا معاشرے کے بدعنوان عناصر کو بے نقاب کرے۔صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہوفد نے صدر مملکت ممنون حسین کو صحافیوں کے درپیش مسائل اور ویج بورڈ کے مسئلے سے بھی آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :