وفاقی حکومت کی ہدایات،تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنوں کی ”پڑتال“ شروع ،اسلام آباد راولپنڈی میں گھر گھر کارکنان بارے معلومات حاصل کرنے کا سلسلہ شروع

اتوار 3 اگست 2014 09:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3اگست۔2014ء)وفاقی حکومت کی ہدایت پر مختلف اداروں نے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے لانگ مارچ و انقلاب کے پروگراموں سے نمٹنے کے لئے دونوں تنظیموں کا تنظیمی نیٹ ورک اور ورکروں کے فہرستیں تیار کرنا شروع کر دیں۔اسلام آباد و راولپنڈی میں گھر گھر کارکنان کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے اور امکان ہے کہ 4اگست سے حکومت کارکنان عہدیداران کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ شروع کرے گی ۔

ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ اسلام آباد و راولپنڈی میں سادہ لباس میں ملبوس سینکڑوں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے وابستگان کی فہرستیں تیار کرنے کے لئے یونین کونسل سطح پر پڑتال شروع کر دی ہے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میں دکانداروں ،تاجروں ،جھابڑی فروشوں ،ریڑھی بانوں اور مختلف سیکٹر میں صفائی کا کوڑا کرکٹ اکٹھا کرنے والے سی ڈی اے اہلکاروں سے عوامی تحریک اور تحریک انصاف سے وابستہ لوگوں کے حوالے سے معلومات حاصل کی جارہی ہیں اور اس حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس تیار کی جارہی ہیں۔

وفاقی وزارت داخلہ کے قریبی ذرائع نے خبر رساں ادارے کو مزید بتایا کہ اب تک 4 سیکٹرز کی تلاشی و پڑتال کا عمل مکمل ہونے والا ہے اس کے بعد باقی سیکٹروں کی باری آئے گی ۔اب تک 12 سو سے 3 ہزار تک کارکنان و وابستگان کا پتہ چلایا گیا ہے تاہم ان کی گرفتاری کا عمل تا حال شروع نہیں کیا گیا۔حکومت تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے حتمی پروگرام کے اعلان کے ساتھ ہی ملک گیر پکڑ دھکڑ کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے