وزیر اعلیٰ بلوچستان ، صوبائی وزیرستان کھیل کی کامن ویلتھ گیمز میں چاندی کا تمغہ حاصل کرنے والے باکسر محمد وسیم علیزئی کو مبارکباد، دو ، دو لاکھ روپے انعام کا اعلان

اتوار 3 اگست 2014 09:16

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3اگست۔2014ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کامن ویلتھ گیمز میں چاندی کا تمغہ حاصل کرنے والے باکسر محمد وسیم علیزئی کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے دو لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے باکسر محمد وسیم علیزئی نے کامن ویلتھ گیمز میں چاندی کا تمغہ اپنے نام کرکے یہ ثابت کردیا کہ بلوچستان میں باصلاحیت نوجوانوں کی کمی نہیں بلوچستان کے نوجوانوں کو اگر بہتر موقع فراہم کئے جائیں تو وہ نہ صرف اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں بلکہ صوبے اور ملک و قوم کا نام روشن کرسکتے ہیں انہوں نے محمد وسیم علیزئی کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لئے 2لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا اور کہا کہ موجودہ حکومت نے بلوچستان کے روشن و بہتر مستقبل کے خواب کو شرمندئہ تعبیر کرنے کا عزم کررکھا ہے اور ہم نہ صرف کھیلوں کو فروغ دے رہے ہیں بلکہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی کررہے ہیں کیونکہ انہی باصلاحیت نوجوانوں سے ہمارا روشن مستقبل وابستہ ہے اور صحت مند تفریحی سر گرمیوں کی بدولت نوجوانوں کی ذہنی صلا حتیوں کو اجاگر کر نے اور انہیں معاشرتی برا ئیوں سے بچانے میں بڑی مدد ملتی ہے محمد وسیم علیزئی جیسے باصلاحیت کھلاڑیوں پر ہم فخر ہے جنہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے بلوچستان کا نام روشن کیا اور کامیابی کے جھنڈے گاڑدیئے ۔

(جاری ہے)

ادھرصوبائی وزیر کھیل و ثقافت میر مجیب الرحمن محمد حسنی نے کامن ویلتھ گیمز میں کامیابی حاصل کرنے والے باکسر محمد وسیم علیزئی کو 2لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے صوبائی وزیر کھیل و ثقافت میر مجیب الرحمن محمد حسنی نے کہا ہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے باکسر محمد وسیم علیزئی جیسے کھلاڑیوں کا پہنچنا ہی ہمارے لئے کسی اعزاز سے کم نہیں محمد وسیم نے اپنی صلاحیتوں کا جس طرح لوہا منوایا اس پر جتنی داد دی جائے وہ کم ہے بلوچستان کے نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ کسی بھی طرح سے ملک کے دیگر حصوں کے نوجوانوں سے صلاحیتوں میں کم نہیں انہوں نے محمد وسیم کیلئے دو لاکھ روپے انعام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں کھیلوں کے فروغ اور اپنے باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ بلوچستان سے متعلق جو منفی تاثر موجود ہے اس کو زائل کرتے ہوئے ہم دنیا کو بتاسکیں کہ بلوچستان کے نوجوان کسی بھی میدان میں کسی سے کم نہیں اور محمد وسیم جیسے باصلاحیت کھلاڑی ہمارے روشن مستقبل کے ضامن ہیں