فیصل آباد ،میں مکان کی چھت گرنے سے بیوہ خاتون اپنی چار بیٹیوں سمیت جاں بحق ، ٹیوشن پڑھنے والے2جڑواں بھائی بھی جاں بحق

منگل 5 اگست 2014 07:54

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5اگست۔2014ء) ٹھیکری والا کے علاقہ قبیر بازار میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون بیوہ حمیدہ بی بی زوجہ عزیز احمد مرحوم اور اس کی چار بیٹیاں جاں بحق ہوگئیں۔ جبکہ ٹیوشن پڑھنے والے دو جڑواں بھائی سات سالہ حامد اور بلال چھت کے ملبے کے نیچے آکر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ تفصیلات کے مطابق بیوہ حمیدہ بی بی اپنے خاوند کے انتقال کے بعد اپنی بیٹیوں کے علاوہ ہمسایہ کے بچوں کو ٹیوشن پڑھا کر اپنے بچوں کا پیٹ پال رہی تھی مکان کی چھت بوسیدہ ہونے کی وجہ سے آج شام اچانک اس وقت گر گئی جب اس کی بیٹیاں اور ٹیوشن پر آئے ہوئے بچے پڑھائی میں مصروف تھے اس حادثے کی وجہ سے 45 سالہ حمیدہ بی بی اور ان کی چودہ سالہ بیٹی ثناء اور دس سالہ صبا گیارہ سال شائستہ اور آٹھ سالہ آمنہ کے علاوہ ٹیوشن پڑھنے والے جڑواں بھائی سات حامد اور بلال جاں بحق ہوگئے جبکہ بیوہ حمیدہ کا داماد عمران شدید زخمی ہے جسے فیصل آباد ہسپتال داخل کروا دیا گیا ہے اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کے علاوہ پولیس اور انتظامیہ کے افسران موقع پر پہنچ گئے ملبہ ہٹا دیا گیا ہے پورے علاقے میں اس افسوسناک واقعے کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس کے علاوہ چیخ پکار اور صف ماتم بچھی ہوئی جاں بحق ہونے والی بیوہ اور بچوں کی نماز جنازہ کل صبح اجتماعی طور پر ادا کی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم اعلیٰ پنجاب نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کوہدایت کی ہے کہ اس واقعہ میں زخمی اور جاں بحق ہونے والے افراد کی فوری طور پر مالی امداد کی جائے۔

متعلقہ عنوان :