عمران خان کا سردار اختر مینگل سے ٹیلی فونک رابطہ ،آزادی لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دیدی،بی این پی کے سربراہ کی لانگ مارچ کی اخلاقی حمایت کی یقین دہانی

منگل 5 اگست 2014 07:51

کوئٹہ/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5اگست۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل سے ٹیلی فونک رابطہ ،آزادی لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دیدی،جبکہ سردار اختر مینگل نے لانگ مارچ کی اخلاقی حمایت کی یقین دہانی کرادی۔

(جاری ہے)

بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے ”خبر رساں ادارے“ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ہے مختلف سیاسی امور پر گفتگو کے ساتھ ساتھ انہوں نے 14اگست کو ہونے والے مارچ میں شرکت کی دعوت بھی دی ہے عمران خان کو یہ ضرور کہا کہ آپ کے ساتھ تو صرف دھاندلی ہوئی ہے ہمارے ساتھ دھاندلی سے بڑھ کر دھاندلا ہوا ہے جب ہم نے اس پر بشمول آپ کے تمام جماعتوں کے ساتھ رابطہ کئے تو کسی نے بھی کوئی موٴثر جواب نہیں دیا گوکہ دھاندلی کا شکار تو ہم سب ہوئے ہیں جہاں تک لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت کی بات ہے تو میں انہیں بتایا ہے کہ میں اس وقت ائیر پورٹ پر موجود ہوں اور اپنے علاج کے سلسلے میں بیرون ملک روانگی ہے اور پارٹی کے دیگر دوستوں کے ساتھ کوئی مشاورت نہیں ہوئی ہمارے ہاں فیصلے افراد کے نہیں بلکہ پارٹی کے اداروں کے ہوتے ہیں لہذا لانگ مارچ میں بطور پارٹی شرکت سے متعلق تو کچھ نہیں کہہ سکتا باقی انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف احتجاج میں اخلاقی طور پر حمایت کو تیار ہیں ایک سوال کے جواب میں سردار اختر مینگل نے کہا کہ دھاندلی کے خلاف احتجاج سب کو اب یاد آرہا ہے ہم تو روز اول سے کہہ رہے کہ انتخابات صاف شفاف اور منصفانہ نہیں ہوئے ڈیڑھ سال بعد ہی صحیح کسی کو خیال تو آیا دھاندلی کے خلاف احتجاج میں ہم اخلاقی سپورٹ کرنے کو تیار ہیں