عمران خان پاکستانی قوم کو ترقی کرنے دو ورنہ اٹھا کر باہر پھینک دے گی،حمزہ شریف، مخلصانہ مشورہ دیتا ہوں کہ آؤ پارلیمنٹ میں انتخابی اصلاحات کی بات کریں اور مل کر دہشت گردی کی جنگ لڑیں، پاکستان کی مسجدوں، گلیوں کو امن کا گہوارہ بنائیں، لیکن سن لو اب بندوق کی نوک پر استعفیٰ کی روایت نہیں چل سکتی اگر نواز شریف ، شہباز شریف سے گن پوائنٹ پر استعفیٰ مانگو گے تو عوام کا سمندر محاسبہ کرے گا،مسلم لیگ ن کی استحکام پاکستان ریلی کے شرکاء سے خطاب

منگل 26 اگست 2014 08:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اگست۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان صاحب پاکستانی قوم کو ترقی کرنے دو ورنہ اٹھا کر باہر پھینک دے گی، مخلصانہ مشورہ دیتا ہوں کہ آؤ پارلیمنٹ میں انتخابی اصلاحات کی بات کریں اور مل کر دہشت گردی کی جنگ لڑیں، پاکستان کی مسجدوں، گلیوں کو امن کا گہوارہ بنائیں، لیکن سن لو اب بندوق کی نوک پر استعفیٰ کی روایت نہیں چل سکتی اگر نواز شریف ، شہباز شریف سے گن پوائنٹ پر استعفیٰ مانگو گے تو عوام کا سمندر محاسبہ کرے گا، عمران صاحب اگلے چار سال کا راشن بھی کنٹینر میں رکھ لو کیونکہ پاکستانی قوم میاں نواز شریف کو مستعفی نہیں ہونے دیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز فیصل چوک پنجاب اسمبلی کے سامنے فیروز پور روڈ تا چیئرنگ کراس استحکام پاکستان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں پرویز ملک، مجتبیٰ شجاع الرحمن، خواجہ عمران نذیر، ذکیہ شاہنواز، شائستہ پرویز ،زعیم قادری ،یوسف ودیگر نے بھی ریلی میں شرکت کی اور خطاب کیا، استحکام پاکستان ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستان اور مسلم لیگ(ن) کے جھنڈے، بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جن پر میاں نواز شریف، شہباز شریف کے حق میں اور عمران خان کے خلاف نعرے درج تھے، شرکاء نے گو عمران گو کے نعرے بھی لگائے،

حمزہ شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی غلیظ زبان کا جواب پاکستان کی خدمت ہی ہمارا جواب ہو گا، ہمیں اقتدار کی لالچ نہیں آئین وقانون کی حکمرانی کیلئے لڑتے رہیں گے، انہوں نے کہا کہ 13 روز سے عمران خان کی نازیبا گفتگو سن رہے ہیں کسی کو نہیں بخشا، فخروالدین جی ابراہیم قدآور شخصیت اور عدلیہ پر جھوٹے الزامات لگائے، اخلاقیات کی دھجیاں بکھیریں، کہتے ہیں کہ نواز شریف دل کے مریض ہیں سن لو نواز شریف کا دل کلیجہ شیر کا ہے، لیکن آفرین میاں نواز شریف پر کہ اشتعال دلانے پر بھی ہمارے قائد نے کہا کہ نازیبا زبان استعمال نہیں کرنی بلکہ اس کا جواب لاہور سے کراچی تک موٹر وے بنا کردیں گے، لاہور والوں سے سوال کرتا ہوں، آزادی فلائی اوور چند مہینوں میں بنا، 11مہینوں میں میٹرو بس منصوبہ مکمل ہوا، چین کی مدد سے 35 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے ساہیوال قادر آباد کوئلے سے بجلی کا کارخانہ، سندھ جامشورو کٹاری میں 620 میگا واٹ کے 6 کارخانے، گوادر پورٹ، بہاولپور میں 1000میگا واٹ کا شمسی توانائی کا منصوبہ لگے گا، انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت پورے پاکستان نے فیصلہ دے دیا ہے کہ کوئی مائی کا لال میاں نوا زشریف کا استعفیٰ نہیں مانگ سکتا، قوم نے عمران خان کے غیر آئینی مطالبوں کو مسترد کردیا تو کہتے ہیں خدا کے واسطے 30روز کیلئے ہی استعفیٰ دے دو، قوم کو جھوٹی امیدیں دلانی چھوڑ دو، کبھی 48 گھنٹے، کبھی 72 گھنٹے یہ کوئی ٹونٹی ٹونٹی میچ نہیں ہے، ملکی معیشت کو دھرنوں سے 700 ارب کا نقصان ہوا ہے، جب دھرنے میں لوگ نہیں آتے تو میوزیکل شو لگایا جاتا ہے پھر کہا جاتا ہے آؤ نیا پاکستان بنائیں، بتاؤ کیا نیا پاکستان گانوں، بہن بیٹیوں کو نچوا کر بنے گا؟ انہوں نے کہا کہ پشاور میں طوفانی بارشیں ہوئیں وہاں کے لوگ عمران خان اور وزیراعلیٰ کو ڈھونڈ رہے ہیں لیکن وزیراعلیٰ پرویز خٹک عمران خان کے ہمراہ ڈانس کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ تن من دھن لگا کر پاکستان کو قائداعظم کا پاکستان بنائیں گے۔