بھارت: مدھیہ پردیش کے مندر میں بھگدڑ، دس ہلاک، در جنو ں زخمی، واقعہ ضلع ستنا کے علاقے چترکوٹ میں واقع کامتاناتھ مندر میں پیش آیا، امکان ہے بجلی کے تار میں آگ لگنے سے بھگدڑ مچی،پولیس کے انسپکٹر جنرل

منگل 26 اگست 2014 07:48

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اگست۔2014ء)بھا رت کی ریاست مدھیہ پردیش میں واقع ایک مندر میں بھگدڑ مچنے سے کم از کم دس افراد ہلاک اور در جنو ں زخمی ہوگئے ہیں۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ پیر کو ضلع ستنا کے علاقے چترکوٹ میں واقع کامتاناتھ مندر میں پیش آیا ہے۔پولیس کے انسپکٹر جنرل پون شری واستوو نے دس افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔

خبر رساں ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق اس واقعے میں 60 سے زیادہ لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ سوم وتی اماوسیا کے موقع پر پیر کی صبح ہزاروں یاتری کامدگری کی پہاڑی پر واقع مندر میں موجود تھے کہ صبح چھ بجے کے آس پاس مرکزی دروازے کے قریب اچانک بھگدڑ مچ گئی۔بھگدڑ کی وجوہات کا تاحال پتہ نہیں چل سکا ہے۔تاہم آئی جی پون شری واستوو کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق مندر کے پاس بجلی کے تار میں آگ لگی اور وہ لوگوں پر جا گرے جس کی وجہ سے لوگوں میں دہشت پھیل گئی اور وہ بھاگنے لگے۔

خیال رہے کہ بھارت میں مذہبی تہواروں کے موقع پر مندروں میں بھگدڑ مچنے کے واقعات ماضی میں بھی پیش آ چکے ہیں۔گزشتہ سال مدھیہ پردیش ہی کے ضلع دتیا میں ایک مندر میں ایسے ہی ایک واقعے میں 100 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔

متعلقہ عنوان :