کیمرون کا سر نیزے پر دیکھنا چاہتی ہوں: برطانوی دوشیزہ، برطانوی وزیر اعظم مسلمانوں کے خلاف جنگ کو طاقت دے رہے ہیں،ام خطاب کے نام پر ٹوئٹ

جمعرات 11 ستمبر 2014 08:21

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11ستمبر۔2014ء) برطانیہ سے تعلق رکھنے والی ایک جنگجو دوشیزہ نے کہا ہے کہ وہ برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کا سر نیزے کی نوک پر دیکھنا چاہتی ہیں کیونکہ وہ مسلمانوں کے خلاف جنگ کو طاقت دے رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جہادی لڑکی شام میں لڑنے والی اسلام عسکریت پسند تنظیم داعش میں شامل ہے ۔ام خطاب کے نام سے بنائے اپنے ٹوئٹر اکا ونٹ سے اس اٹھارہ سالہ برطانوی لڑکی کا کہنا ہے ''مجھے یقین ہے کہ وہ دن قریب ہے جب کیمرون کا سر نیزے پر ہو گا۔

(جاری ہے)

جہادی برطانوی لڑکی نے اس امر کا مضحکہ اڑایا کہ برطانوی حکومت عسکریت پسندوں کو برطانوی شہریت سے باندھ سکتی ہے۔ اس نے کہا میں اس بات کو سمجھنے سے قاصر ہوں کہ برطانوی حکومت شہریت ختم کرنے کی دھمکیاں کیوں دے رہی ہے، ہم تو اس شہریت کو اہمیت نہیں دیتے ہیں۔جہادی لڑکی نے دیگر برطانوی خواتین کو بھی شامی عسکریت کا حصہ بننے کے لیے ابھارا ہے۔ اپنے ٹویٹ میں ان کا کہنا ہے کہ یہ درست کہ میں صرف اٹھارہ سال کی ہوں لیکن شام آنے کا میرا فیصلہ بہترین ہے، اس کے مقابلے میں برطانیہ میں پڑے رہنا مکمل طور پر اسلام کے لیے ضرر رساں ہے۔