انتخابات میں دھاندلی اور حکومت سے گٹھ جوڑ،تحریک انصاف نے بلاول ہاؤس کراچی کے باہر دھرنا دینے پر بھی غور شروع کر دیا

جمعرات 11 ستمبر 2014 08:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11ستمبر۔2014ء) تحریک انصاف نے عام انتخابات میں سندھ میں ہونے والی مبینہ دھاندلیوں اور حکومت سے پی پی کے گٹھ جوڑ کے خلاف بلاول ہاوٴس کراچی کے باہر بھی دھرنا دینے پر غور شروع کر دیا۔دھرنے کی تجویز عمران خان کو سندھ نیشنل فرنٹ کے چیئرمین ممتازعلی بھٹو کی طرف سے دی گئی ہے اور 13ستمبر کو ممتاز علی بھٹو کے ساتھ تحریک انصاف کے وفد کی ملاقات کے بعد اس بات کا حتمی فیصلہ بھی کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

باخبر ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں مین اپوزیشن پارٹی اور سندھ کی حکمران جماعت کے خلاف مہم شروع کرنے پر غور کر دیا ہے۔پارٹی ذرائع کے مطابق سندھ نیشنل فرنٹ کے سربراہ سردار ممتاز علی بھٹونے عمران خان کو تجویز دی ہے کہ وہ بلاول ہاوٴس کے باہر بھی عام انتخابات کے دوران سندھ میں ہونے والی بھاری دھاندلیوں کے خلاف دھرنے کا اعلان کریں ، تحریک انصاف کے پارٹی ذرائع کے مطابق سردار ممتاز علی بھٹو نے عمران خان کو اس بات کی بھی یقین دہانی کروائی ہے کہ اس دھرنے میں سندھ نیشنل فرنٹ کے علاوہ سندھ کی تمام قوم پرست جماعتیں ان کا ساتھ دیں گی