سیلاب زدگان کی امداد؟، مارکیٹنگ کمپنیوں کااوگرا کے نوٹیفیکیشن کے بغیر قیمت میں10روپے فی کلو، 100روپے گھریلو سلنڈر، 400روپے کمرشل سلنڈر کی قیمت میں اضافہ،سرکاری کمپنیاں بازی لے گئیں،ناجائز منافع خوری کر کے روزانہ 5کروڑ کا عوام کو ٹیکہ

جمعرات 11 ستمبر 2014 08:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11ستمبر۔2014ء) ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایل پی جی کی قیمت میں 10روپے فی کلو، 100روپے گھریلو سلنڈر، 400روپے کمرشل سلنڈر کی قیمت میں اضافہ کردیا۔ اوگرا کے نوٹیفیکیشن کے بغیر قیمت میں بلاجواز اضافہ کیا گیا۔ ایل پی جی پیداواری اداروں کی قیمت 65000روپے میٹرک ٹن مقرر۔ ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیاں روزانہ 25سے 30روپے فی کلو کی بلیک مارکیٹنگ کر رہی ہیں۔

جس کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر 5کروڑ روپے کی ناجائز منافع خوری ہورہی ہے۔ پاکستان بھرمیں ایل پی جی پالیسی کے مطابق قیمت 102روپے فی کلو ہونی چاہیے ۔لیکن یہاں پر تو سرکاری مارکیٹنگ کمپنیاں قیمت بڑھانے میں بازی لے گئیں۔جبکہ دوسری طرف بین القوامی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت میں 23ڈالر فی میڑک ٹن کمی یعنی 3روپے فی کلو کمی ہوئی۔

(جاری ہے)

ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چےئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ سیلاب زدگان گھروں سے بے گھر ہیں اور ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیاں بلیک مارکیٹنک کرکے اپنی جیبیں گرم کرنے پر لگی ہیں۔

مارکیٹنگ کمپنیوں کے با اثر کمپنی مالکان روزانہ اربوں روپے کی لوٹ مارکر رہے ہیں۔

اس موقع پر حکومت کو عوام کو ریلیف دینا چاہئے لیکن ایل پی جی مافیہ کا سردیوں میں گیس کی مصنوئی قلت کا ڈرامہ شروع ہونے لگ گیاہے۔ اگر فوری طور پر اضافہ واپس نہ لیا گیا تو قیمت غریب عوام کی پہنچ سے دور ہو جائیگی۔ میری وزیراعظم پاکستان ، وزیر پیٹرولیم، وزارت پیٹرولیم سے اپیل ہے کہ مارکیٹنگ کمپنیوں کی ناجائز منافع خوری بند کرائی جائے اور فوری طور پر قیمت میں اضافہ واپس کروایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا ہے انہوں نے آج وزیر پیٹرولیم ، سیکر یڑی پیٹرولیم اور چےئرمین اوگرا سے ملاقات کر کے مارکیٹنگ کمپنیوں کی بلیک مارکیٹنگ کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروا دیا ہے۔مختلف شہروں میں قیمتیں یہ ہیں۔کراچی 115روپے فی کلو، گھریلو سلنڈر1330روپے ، لاہور گوجرانوالہ ، گجرات ، فیصل آباد، سیالکوٹ، حیدرآباد، سکھر 125روپے فی کلو، 1450روپے گھریلو سلنڈر، میرپور ، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، پشاور، کوہاٹ، بنو 130روپے فی کلو، 1510روپے گھریلو سلنڈر،راولپنڈی، اسلام آباد 145روپے فی کلو، 1690روپے گھریلو سلنڈر، مری نتھیا گلی، مظفرآباد، باغ، آزادکشمیر ، فاٹا 155روپے فی کلو، گھریلو سلنڈر1810روپے۔

متعلقہ عنوان :