عمران خان نے ملک گیرحکومت مخالف تحریک کافیصلہ کرلیا،بلوچستان کے دورے میں عمران خان وہاں پارٹی کی تنظیم نوکرینگے جبکہ کوئٹہ، گوادر ودیگر5اضلاع میں مرحلہ وارجلسے ہوں گے، ذرا ئع،وزیراعظم نوازشریف پراستعفیٰ دینے کادباوٴ بڑھانے کیلئے عوامی سطح پرآگہی مہم چلانے کابھی فیصلہ

جمعرات 16 اکتوبر 2014 08:03

اسلام آ با د(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16اکتوبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے نوازحکومت کیخلاف جاری احتجاجی تحریک کوملک بھرمیں پھیلانے کافیصلہ کرلیاہے اوراحتجاجی تحریک کواگلے مراحل میں منتقل کرنے کیلئے حکمت عملی مرتب کرلی ہے۔ ذرا ئع کے مطا بق پی ٹی آئی قیادت خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں عوامی جلسے منعقدکرے گی جن سے عمران خان خطاب کریں گے،بلوچستان کے دورے میں عمران خان وہاں پارٹی کی تنظیم نوکریں گے،کوئٹہ ،گوادر اوردیگر5اضلاع میں مرحلہ وارجلسے ہوں گے،کے پی کے میں پشاور،بنوں سمیت 10اضلاع میں جلسے کیے جائیں گے،ان جلسوں کاشیڈول جلدمرتب کیاجائے گا،حکومت کے خلاف کرپشن کی شکایات کے معاملے پرسپریم کورٹ سے رجوع کیاجائے گااوراس حوالے سے آئینی درخواست دائرکی جائیگی۔

(جاری ہے)

حکومت مخالف تحریک کو منظم طریقے سے چلانے کے لئے قانونی ماہرین سے مشاورت شروع کردی گئی ہے۔ذرائع نے بتایاکہ تحریک انصاف نے وزیراعظم نوازشریف پراستعفیٰ دینے کادباوٴ بڑھانے کیلیے عوامی سطح پرآگہی مہم چلانے کابھی عندیہ دیاہے۔سوشل میڈیاکے علاوہ ایس ایم ایس کے ذریعے گونوازگومہم چلائی جائیگی،اگرحکومت نے پی ٹی آئی کے مطالبات تسلیم نہیں کیے اوروزیراعظم نوازشریف نے استعفیٰ نہیں دیاتوپھرلاہور،کراچی ،پشاوراورکوئٹہ میں اسلام آبادطرز کے دھرنے دیے جائیں گے۔تحریک انصاف نوازحکومت کے خاتمے کیلیے حتمی سیاسی سرگرمیوں کاآغاز آئین وقانون کے دائرہ کارمیں رہتے ہوئے کرے گی۔