مسلم لیگ (ن)کا اولین ایجنڈا عوام کی فلاح و بہبود ہے ، کوئی رکاوٹ ملک و قوم کی ترقی کے سفر میں حائل نہیں ہو سکتی،وزیراعظم، عوام نے مسلم لیگ (ن) کو 5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے، انشاء اللہ عوام کی ترقی اور خوشحالی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی، سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے پنجاب حکومت اور وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے دن رات کام کرکے عوامی خدمت کی مثال قائم کی ہے، ترقیاتی منصوبوں پر شفافیت اور تیز رفتاری سے کام کیا جا رہا ہے، موثر مانیٹرنگ کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کا نظام متعارف کرایا گیا ہے،وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی شرکت، ہمارا ہر قدم عوام کی فلاح کیلئے اٹھ رہا ہے، ترقی کی راہ میں رخنہ ڈالنے والوں کے ناپاک عزائم ناکام ہو چکے ہیں،شہبازشریف

اتوار 19 اکتوبر 2014 08:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19اکتوبر۔2014ء) وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیرصدارت یہاں ماڈل ٹاؤن میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں اور سیلاب متاثرین کی بحالی و مالی امداد کی ادائیگی کے پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کا اولین ایجنڈا عوام کی فلاح و بہبود ہے یہی وجہ ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام ترقیاتی سکیموں کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی رکاوٹ ملک و قوم کی ترقی کے سفر میں حائل نہیں ہو سکتی۔ عوام نے مسلم لیگ (ن) کو 5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے۔

(جاری ہے)

انشاء اللہ 5 سال کے دوران عوام کی ترقی اور خوشحالی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی اور ملک و قوم کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے پنجاب حکومت اور وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے دن رات کام کرکے عوامی خدمت کی مثال قائم کی ہے جس پر میں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف، منتخب نمائندوں اور صوبائی انتظامیہ کو مبارکباد دیتا ہوں۔

انشاء اللہ حکومت کی مخلصانہ کاوشوں سے سیلاب متاثرین کی بحالی و مالی امداد کے عمل کو بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر شفافیت اور تیز رفتاری سے کام کیا جا رہا ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کی موثر مانیٹرنگ کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔

لاہور سمیت پنجاب بھر میں ترقیاتی سکیموں کو ریکارڈ مدت مکمل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو مالی امداد کی پہلی قسط کی ادائیگی کا عمل شفاف اور تیزرفتاری کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے۔ سروے کی بنیاد پر تخمینہ لگا کر سیلاب متاثرین کو ان کے گھروں اور فصلوں کے نقصانات کے مطابق دوسرے مرحلے کے دوران مالی امداد کی دوسری قسط کی ادائیگی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو مالی امداد کی ادائیگی کیلئے رقم کا نصف پنجاب حکومت اور نصف وفاقی حکومت نے فراہم کیا ہے جس پر ہم وزیراعظم محمد نواز شریف اور وفاقی حکومت کے شکرگزار ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ہر قدم عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھ رہا ہے۔ ترقی کی راہ میں رخنہ ڈالنے والوں کے ناپاک عزائم ناکام ہو چکے ہیں۔

وزیراعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں ترقی و خوشحالی کا سفر اگلے پانچ برس کے دوران بھی جاری و ساری رہے گا۔ اجلاس کے دوران صوبے میں ترقیاتی منصوبوں اور سیلاب متاثرین کی بحالی و مالی امداد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم محمد نوازشریف نے آزادی چوک منصوبے کی تعریف کرتے ہوئے ڈی جی ایل ڈی اے کو شاباش دی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، ایم این اے حمزہ شہباز، چیف سیکرٹری پنجاب، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔