کراچی ، محر م الحرام کے موقع پر سیکیورٹی ریڈ الرٹ کے باوجود 48گھنٹے میں امام بارگاہوں کے قریب دوسرا دستی بم دھماکہ ،بچے سمیت 3افراد زخمی

جمعہ 31 اکتوبر 2014 07:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31اکتوبر۔2014ء ) کراچی میں محر م الحرام کے موقع پر سیکیورٹی ریڈ الرٹ کے باوجود 48گھنٹے میں امام بارگاہوں کے قریب نامعلوم ملزمان کی جانب سے دوسرا دستی بم دھماکہ کردیا گیا ،جمعرات کی شب شارع فیصل کے علاقے کامران چورنگی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 3افراد زخمی ہوگئے ہیں ، واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا ،پولیس ،رینجرز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا تھا ۔

شارع فیصل تھانے کی حدود گلستان جوہر کامران چورنگی کے قریب قائم امام بارگاہ بیت المسلمین کے سامنے لگائی گئی پانی کی سبیل پر موٹر سائیکل سوار دو ملزمان دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے ، دھماکے کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

دھماکے کی اطلاع ملتے ہیں پولیس اور رینجرز نے جائے وقوقع کو گھیر لیا تھا جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے شواہد اکھٹے کرنا شروع کردیئے تھے ۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کے مطابق ابتدائی شواہد سے دھماکہ دستی بم کا معلوم ہوتا ہے ۔یاد رہے کہ گذشتہ 48گھنٹے میں امام بارگاہ کے قریب یہ دوسرا دستی بم کا دھماکہ ہے ،پہلا دھماکہ منگل کی شب گلبرگ تھانے کی حدود عائشہ منزل کے قریب اسلامک ریسرچ سینٹر میں قائم امام بارگاہ کے باہر اس وقت ہوا تھا جب مجلس کے اختتام پر شرکاء باہر آرہے تھے ۔مذکورہ دھماکے کے نتیجے میں ایک 9ماہ کی بچی بتول جاں بحق ہوگئی تھی جبکہ 10افراد زخمی ہوئے تھے ۔

متعلقہ عنوان :