دارالحکومت اسلام آباد میں فوج کی تعیناتی میں غیر معینہ مدت تک توسیع،فوجی اہلکار پارلیمنٹ ہاوٴس، وزیراعظم اور پاکستان سیکریٹریٹ سمیت اہم عمارتوں پر سکیورٹی کے لیے بدستور فرائض انجام دیں گے، ذرائع وزارت داخلہ

جمعہ 31 اکتوبر 2014 08:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31اکتوبر۔2014ء) وزارت داخلہ نے وفاقی دارالحکومت میں فوج کی تعیناتی میں غیر معینہ مدت کے لیے توسیع کردی ہے۔ میڈیارپورٹ کیمطابق وزارت داخلہ نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں پاک فوج کی تعیناتی میں غیر معینہ مدت کے لیے توسیع کردی ہے جس کے بعد فوج کے اہلکار وفاقی دارالحکومت میں اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہیکہ اسلام آباد میں فوج کی تعینات کی مدت ختم ہونے پر اس میں توسیع کی گئی ہے اور مستقبل میں بھی ضرورت پیش آئی تو آرٹیکل 245 کے تحت فوج کی تعیناتی میں توسیع کردی جائے گی۔وزارت داخلہ کی جانب سے توسیع کے بعد پاک فوج کے اہلکار پارلیمنٹ ہاوٴس، وزیراعظم سیکریٹریٹ، پاکستان سیکریٹریٹ اور کابینہ ڈویژن سمیت اسلام آباد کی اہم عمارتوں کی سکیورٹی کے لیے بدستور فرائض انجام دیں گے۔واضح رہے کہ پاک فوج کو شمالی وزیرستان میں آپریشن ”ضرب عضب“ کے رد عمل کے پیش نظر 24 جولائی کو اسلام آباد میں 3 ماہ کے لیے تعینات کیا گیا تھا اور اب تعیناتی کی مدت ختم ہونے پر آرٹیکل 245 کے تحت اس میں توسیع کی گئی ہے۔