مبشر لقمان کی انٹراکورٹ اپیل کی پہلے سماعت کی استدعا سپریم کورٹ میں منظور،میرے موکل نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ وہ عدالت کو شکایت کا موقع نہیں دیں گے،عرفان قادر،عدالت جان بوجھ کر کسی کے خلاف غصہ نہیں کرتی اور نہ ہی کو ئی ذاتی پرخاش ہے،عدالت

جمعہ 31 اکتوبر 2014 08:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31اکتوبر۔2014ء)سپریم کورٹ نے نجی ٹی وی چینل کے سینئر اینکر پرسن مبشر لقمان کی اپنے اوپر فرد جرم عائد کرنے کے فیصلے کے خلاف دائر انٹرکورٹ اپیل کی پہلے سماعت کی استدعا منظور کرلی اور کہا ہے کہ انٹرا کورٹ اپیل کے فیصلے کے بعد 17 نومبر کو کیس کی سماعت کی جائے گی ۔جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بنچ نے جمعرات کے روز کیس کی سماعت کی مبشر لقمان کے وکیل عرفان قادر نے موقف اختیار کیا کہ ہم نے انٹرکورٹ اپیل دائر کی ہے ۔

پہلے اس کی سماعت کی جائے ۔ویسے بھی یہ عدالت کی روایت رہی ہے کہ اس طرح کے معاملات میں انٹراکورٹ کی اپیل کی سماعت تک اصل کیس کی سماعت ملتوی رکھی جائے گی ۔سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کیس میں سات رکنی بنچ نے فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کی تو سابق وزیر اعظم نے اس فیصلے کے خلاف آئی سی اے فائل کی جس کی 8 رکنی لارجر بنچ نے سماعت کی تھی اور اس وقت تک سات رکنی بنچ نے سماعت موخر رکھی تھی اس پر جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ ڈاکٹر بابر اعوان کیس توہین عدالت میں بھی ایسا ہی ہوا تھا اور پہلے آئی سی اے کے فیصلے کا انتظار کیا گیا ۔

(جاری ہے)

عدالت نے بابر اعوان توہین عدالت کیس کی فائل منگوائی ۔عرفان قادر نے کہا کہ ان کے موکل نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ وہ عدالت کو شکایت کا موقع نہیں دیں گے اب تک جو کچھ ہوا وہ جان بوجھ کر نہیں کیا گیا بلکہ حالات کیو جہ سے ایسا ہوا ہے اس پر عدالت نے کہا کہ جب آپ غیر مشروط معافی نامہ داخل کریں گے تو اس وقت اس بات کا جائزہ لیں گے ۔عدالت جان بوجھ کر کسی کے خلاف غصہ نہیں کرتی اور نہ ہی ججوں کو ذاتی طور پر موکل سے کوئی پرخاش ہے ۔بعد ازاں عدالت نے سماعت17 نومبر تک ملتوی کر دی ۔اس دوران عدالت عدلیہ مخالف بینرز کیس کی سماعت نہ کر سکی اس کی سماعت بھی 17 نومبر تک ملتوی کر دی گئی ۔

متعلقہ عنوان :