حکومت کا بھرتیوں کی پالیسی کا اعلان،پالیسی کا اطلاق وزارتوں ،ڈویژنوں اوران سے منسلک محکموں،ماتحت دفاتر،خودمختاراورنیم خودمختار اداروں ، کارپوریشنوں ، کمپنیوں اور ریگولیٹری اتھارٹیز پر ہو گا،پالیسی کے تحت گریڈ سولہ اور اس سے زائد کی آسامیوں پر بھرتی کا عمل فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے ذریعے جاری رہے گا۔صوبے یا علاقے میں گریڈ تین سے گریڈ پندرہ یا اسکے برابر عہدوں پر آسامیوں کیلئے ابتدائی بھرتی متعلقہ صوبے یا علاقے کے ڈومیسائل کی بنیاد پر ہو گی،اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کا اعلامیہ

اتوار 2 نومبر 2014 10:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2نومبر۔2014ء )وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر حکومت نے وفاقی محکموں، خودمختاراداروں اور کارپوریشنوں میں خالصتا میرٹ پر بھرتیوں کی پالیسی کا اعلان کیا ہے۔سرکاری میڈیا کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی طرف سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بھرتیوں کی پالیسی کا اطلاق وزارتوں ، ڈویژنوں اور ان سے منسلک محکموں ، ماتحت دفاتر ، خودمختار اورنیم خودمختاراداروں،کارپوریشنوں ، کمپنیوں اورریگولیٹری اتھارٹیز پر ہو گا۔

پالیسی کے تحت گریڈ سولہ اور اس سے زائد کی آسامیوں پر بھرتی کا عمل فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے ذریعے جاری رہے گا۔صوبے یا علاقے میں گریڈ تین سے گریڈ پندرہ یا اسکے برابر عہدوں پر آسامیوں کیلئے ابتدائی بھرتی متعلقہ صوبے یا علاقے کے ڈومیسائل کی بنیاد پر ہو گی۔

(جاری ہے)

گریڈ ایک اور گریڈ دو یا اسکے برابر خالی آسامیوں پر بھرتی عارضی طور پر مقامی بنیادوں پر کی جائے گی۔

تمام بھرتیوں کیلئے اسٹبلشمنٹ ڈویژن کے سرپلس پول سے این او سی کے حصول کا عمل جاری رہے گا،تمام وزارتوں ، ڈویژنوں ، محکموں، خودمختار اداروں اور کارپوریشنوں کیلئے بھرتیاں صوبائی اور علاقائی کوٹہ کے مطابق ہوں گی جس کی قومی ، صوبائی اور علاقائی سطح کے اخبارات کے ذریعے تشہیر کی جائے گی۔خالی آسامیوں پر بھرتیاں منظور شدہ آسامیوں کی تعداد کے مطابق ہو ں گی۔