لسبیلہ،کراچی ایک بار پھر بڑی دہشتگردی سے بچ گیا،محرم الحرام کے پیش نظر دہشتگردوں کی کارروائی خاک میں ملادی گئی،افغانستان سے آرسی ڈی ہائی وئے کے راستے لایا گیا بھاری گولہ بارود قبضے میں لے لیا

اتوار 2 نومبر 2014 09:43

لسبیلہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2نومبر۔2014ء)کراچی ایک بار پھر بڑی دہشتگردی سے بچ گیا،محرم الحرام کے پیش نظر کراچی میں دہشتگردوں کی کارروائی خاک میں ملادی گئی،افغانستان سے آرسی ڈی ہائی وئے کے راستے لایا گیا بھاری گولہ بارود حب کے قریب وندر سے ایف سی نے قبضے میں لے لیا،تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز محرم الحرام کے پیش نظر کراچی میں دہشتگردی کی کسی بڑی ممکنہ کاروائی کے لئے افغانستان سے لائے جانے والے اسلحہ کی بھاری کھیپ کو انٹیلی جنس ذرائع کی خفیہ اطلاع پرکراچی کے قریب واقع بلوچستان کے صنعتی اور ساحلی علاقے وندر کے قریب ایک کار سے قبضے میں لے لیا گیا ہے اس بات کا انکشاف ہفتے کے روزایف سی ہیڈ کواٹر حب میں ایف سی کے کرنل رضا نے صحافیو ں کوبریفنگ کے دوران کیا انہوں نے بتایا کے محرم الحرام کے موقع پر کراچی میں دہشتگردی کی کسی بڑی واردات کے لئے آرسی ڈی شاہراہ کے ذریعے بھاری مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود ایک کار کے ذریعے کراچی میں موجود جرائم پیشہ افراد تک پہنچانے کی کوشش کی جارہی تھی

اس منصوبے کی اطلاع ملتے ہی ایف سی کے اہلکاروں نے بلوچستان سے کراچی جانے والے تمام کچے اور پکے راستوں کی ناکہ بندی کرکے آنے اور جانے والی تمام چھوٹی اور بڑی گاڑیوں کی جامعہ تلاشی کا سلسلہ شروع کردیا اسی دوران کراچی سے تقریباً 50کلومیٹر کے فاصلے پر واقع وندر شہر کے قریب مسافروں کے کھانے پینے کے ہوٹلوں پر کھڑی ہوئی گاڑیوں کی تلاشی بھی لی گئی اس دوران وندر کے قریب ایک ہوٹل پرکھڑی ہوئی سفید کرولا کار کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ،برآمد کئے گئے اسلحہ وگولہ بارود میں 35کلو دھماکہ خیز مواد،21آوان گولے ،4وائرلیس ڈیوائس،15بڑے ہتھیار جن میں کلاشنکوف ،رپیٹر،شاٹ گن اورکالاکوف شامل ہیں جبکہ اس اسلحہ اور گولہ بارود کے ہمراہ 5عدد ٹی ٹی پستول ،ایک سو سے زائد کارتوس،کلاشنکوف اور ٹی ٹی پستول کی سینکڑوں گولیوں سمیت ایک درجن سے زائد میگزین اور2عدد دوربین برآمد کرلئے گئے ہیں،ایف سی کے کرنل رضا نے اپنی جانب سے حب کے صحافیوں کو بریفنگ میں بتایاکے یہ اسلحہ اور گولہ بارود محرم الحرام کے دوران دہشتگردوں کی جانب سے کراچی میں کسی بڑی دہشتگردی کے لئے استعمال کیا جانا تھا۔