ابو ظہبی ٹیسٹ میں شاہینوں نے آسٹریلیا کو مشکل میں ڈال دیا، مارش کے 87رنز بھی بچا نہ سکے ، آسٹریلوی ٹیم 261پر ڈھیر ہوگئی ، عمران خان نے 3، ذوالفقار بابر ، راحت علی اور یاسر شاہ نے 2،2 شکار کئے ، مصباح الحق کا فالو آن نہ کرا کر خود کھیلنے کا فیصلہ ، پاکستان نے 2وکٹوں پر 61رنز بنا کر 370رنز کی برتری حاصل کرلی ، جانسن نے 2وکٹیں حاصل کیں

اتوار 2 نومبر 2014 09:31

ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2نومبر۔2014ء) ابو ظہبی ٹیسٹ میں شاہینوں نے آسٹریلیا کو مشکل میں ڈال دیا ، مارش کے 87رنز بھی بچا نہ سکے ، آسٹریلوی ٹیم 261پر ڈھیر ہوگئی ، عمران خان نے 3، ذوالفقار بابر ، راحت علی اور یاسر شاہ نے 2,2 شکار کئے ، پاکستان نے 2وکٹوں پر 61رنز بنا کر 370رنز کی برتری حاصل کرلی ۔ ابو ظہبی میں کھیلے جانے والے میچ کے تیسرے روز آسٹریلیا نے ایک وکٹ پر 22رنز سے اننگز کا آغاز کیا تو پاکستانی باؤلروں نے کسی بھی کھلاڑی کو جم کر نہ کھیلنے دیا اور آسٹریلیا کی پوری ٹیم 261رنز پر ڈھیر ہوگئی ، مارش 87، میکسوئل 37، کلارک 47اور سڈل 28رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔

پاکستان کی جانب سے عمران خان نے 3 ، یاسر شاہ ، راحت علی اور ذوالفقار بابر نے 2,2 جبکہ محمد حفیظ نے ایک وکٹ حاصل کی ۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کے 261رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کو 309رنز کی برتری حاصل تھی لیکن مصباح الحق نے آسٹریلیا کو فالو آن نہ کرانے کا فیصلہ کیا اور دوسری اننگز شروع کردی پاکستان کی پہلی وکٹ 14رنز پر گری جب احمد شہزاد 14رنز بنا کر جانسن کی بال پر بولڈ ہوگئے 21رنز پر پاکستان کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا اور محمد حفیظ 3رنز بناکر جانسن کی بال پر سٹارک کو کیچ دے بیٹھے ۔ تیسرے دن کے کھیل کے اختتام تک پاکستان نے 2وکٹوں پر 61رنز بنا کر 370رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی تھی جونسن نے دو وکٹیں حاصل کیں آج چوتھے دن کا کھیل ہوگا ۔