عوام کی خدمت اور پالیسوں پر عملدرآمد کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو پانچ سال مکمل کرنے کا موقع ملنا چاہئے، سراج الحق،وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی حکومت سے عوام کی توقعات وابستہ ہیں،وہ ملک میں پہلے متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے وزیر اعلیٰ ہیں،امیر جماعت اسلامی

اتوار 2 نومبر 2014 09:43

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2نومبر۔2014ء) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت اور پالیسوں پر عملدرآمد کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو پانچ سال مکمل کرنے کا موقع ملنا چاہئے، وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی حکومت سے عوام کی توقعات وابستہ ہیں،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ملک میں پہلے متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے وزیر اعلیٰ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کی صبح وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے ان کے اعزاز میں دئیے گئے ناشتے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ایک یا دوسال میں حکومتیں اپنی پالیسوں پر عملدرآمد نہیں کرسکتیں، حکومتوں کو اپنے ایجنڈے پر عملدرآمد میں چار سے پانچ سال کا وقت درکار ہوتا ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو اپنے ترقیاتی اور سیاسی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے وقت ملنا چاہئے، امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو بلوچستان کی حکومت اور وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے امیدیں اور توقعات ہیں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا اندرون بلوچستان کے علاقوں کا دورہ کرنا خوش آئندامر ہے، انہوں نے کہا کہ مخلوط حکومت چلانا انتہائی مشکل کام ہے،وزیر اعلیٰ پل کا کردار ادا کرتے ہیں، ہمیں امید ہے اور ہم دعا گو ہیں کہ ڈاکٹر عبدالملک بلوچ کی حکومت کامیاب ہو اور عوامی توقعات پر پورا اترئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اور ان کے اکثر وزراء سیاسی کارکن ہیں اور عوام کی مشکلات اور مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک بھی سیاسی کارکن اور اپنی جماعت کی پالیسوں کے پابند ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا سندھ میں پیپلزپارٹی ، خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف اور بلوچستان میں نیشنل پارٹی کو حکومتیں بنانے کا موقع دینا انتہائی دانشمندانہ اور ملک و جمہوریت کے بہتر مفاد میں تھا۔