گائے ذبح کرنے والوں کوبھارت میں رہنے کا کوئی حق نہیں،گورنر اتر کھنڈ عزیز قریشی ،بھارت کی ریاست اتر کھند کے ایک مسلمان گورنر کے اس بیان نے بھارت میں ایک نیا تنازع کھڑا کردیا

اتوار 2 نومبر 2014 10:38

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2نومبر۔2014ء). بھارت کی ریاست اتر کھند کے گورنر عزیز قریشی نے کہا کہ جو لوگ گائے کوذبح کرتے ہیں انہیں بھارت میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ایک مسلمان گورنر کے اس بیان نے بھارت میں ایک نیا تنازع کھڑا کردیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے گورنر قریشی نے کہا کہ وہ شخص بھارتی ہو ہی نہیں سکتا جو گائے کے ذ بح میں ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایسے شخص کے چہرے پر کالی سیاہی مل کر ملک سے باہر پھینکنے کو ترجیح دیں گے۔ بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق قریشی نے عوامی اجتماع میں کہا کہ ہم گائے کو ماتا کی مانند قرار دے چکے ہیں اور اس مسئلے سے کروڑوں کے جذبات جڑے ہوئے ہیں۔جو بھی گائے کو ذبح کرے گا وہ قانون کی خلاف ورزی کریگا اور ایسے شخص کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ ہریش راوت کا کہنا ہے کہ قریشی کا یہ بیان ان کے ذاتی خیال ہیں۔سیاسی ماہر قریشی کے اس بیان کو اپنا عہدہ برقرار رکھنے کا حربہ سمجھ رہے ہیں۔ نریندر مودی کے مئی میں وزار ت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد مرکز کی طرف سے عزیز قریشی کو ان کے گورنری کا عہدہ چھوڑنے کا کہا گیا تھا۔ اس پرانہوں نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔اگست میں سپریم کورٹ نے اتراکھنڈ کے گورنر کی درخواست پر مرکز کو نوٹس جاری کیا تھا۔

جس میں انہوں نے نریندر مودی کی حکومت کے اقدامات کو چیلنج کیا تھا۔سپریم کورٹ نے سیکریٹری داخلہ کو بھی نوٹس جاری کیا تھا جس میں انہوں نے گورنرعزیز قریشی کو مبینہ طور پر دھمکی دی تھی کہ وہ استعفیٰ دیں ورنہ مرکز کی طرف سے برطرفی کا سامنے کیلئے تیار ہو جائیں۔قریشی مودی حکومت کے خلاف سپریم کورٹ میں جانے والے پہلے گورنر تھے ۔

متعلقہ عنوان :