نئے جوہری طیارہ بردار جہاز کے خاکے چوری کا الزام، امریکی بحریہ کا سویلین انجینئر گرفتار

اتوار 7 دسمبر 2014 08:38

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7دسمبر۔2014ء)امریکی بحریہ کے ایک سویلین انجینئر کو نئے جوہری طیارہ بردار جہاز کے خاکے چوری کرکے انہیں مصر بھیجنے کے الزام میں گزشتہ روز گرفتار کرلیا گیا ، یہ بات محکمہ انصاف نے بتائی ہے ۔ایف بی آئی کے خفیہ ایجنٹ نے 35سالہ مصطفیٰ احمد عواد کو ریاست ورجینیا سے حراست میں لینے کے لئے خود کو مصری انٹیلی جنس کا اہلکار ظاہر کیا ، اس پر دفاعی اشیاء اور فنی ڈیٹا برآمد کر نے کی کوشش کر نے کے دو الزامات عائد کئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

سزا ہونے کی صورت میں اسے ہر جرم پر کم ازکم 20سال قید کی سزا بھگتنا پڑے گی ۔محکمہ انصاف نے بتایا کہ عواد نے خفیہ ایجنٹ کو ، جس کے بارے میں اسے خیال تھا کہ وہ مصری حکومت کا اہلکار ہے ، بتایا کہ اس کا یہ ارادہ ہے کہ وہ امریکی بحریہ کے ساتھ اعتماد کی اپنی پوزیشن کو مصری حکومت کے استعمال کے لئے فوجی ٹیکنالوجی کے حصول کے لئے استعمال کرے ۔اس کے قبضے سے برآمد کی جانیوالی دستاویزات میں امریکی طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس جیرالڈ آرفوڈ کے ڈیزائن شامل ہیں ، یہ جہاز اس وقت زیر تعمیر ہے ۔عواد بدھ کو نظربندی کی سماعت کے لئے عدالت میں پیش ہوگا۔