میجر شبیر شریف شہید کا 43 واں یوم شہادت عقیدت و احترام سے منایا گیا،مختلف تقاریب میں شہید کو خراج عقیدت پیش کیا گیا،مزار پر چیف آف آرمی سٹاف کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی گئی

اتوار 7 دسمبر 2014 08:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7دسمبر۔2014ء) 1971ء کی جنگ میں نشان حیدر کا اعلی ترین اعزاز حاصل کرنے والے میجر شبیر شریف شہید کا 43 واں یوم شہادت عقیدت و احترام سے منایا گیا‘ شہید کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور مزار پر چیف آف آرمی سٹاف کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ تفصیلات کے مطابق 1971ء کی جنگ میں ہیڈ سلیمانکی میں جام شہادت نوش کرنے والے میجر شبیر شریف شہید کا 43 واں یوم شہادت لاہور میں نہایت عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا۔

اس موقع پر ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں میجر شبیر شریف شہید کے صاحبزادے تیمور شریف اور ان کی ہمشیرہ‘ صاحبزادی و دیگر اہل خانہ اور عزیزواقارب نے شرکت کی۔ میانی صاحب لاہور کے قبرستان میں میجر شبیر شریف شہید کے صاحبزادے تیمور شریف‘ جے سی او میجر جنرل فدا حسین اور میجر جنرل سجاد علی نے میجر شبیر شریف شہید کے مزار پر حاضری دی‘ فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

(جاری ہے)

جے سی او کمانڈنگ آفیسر میجر جنرل فدا حسین اور میجر جنرل سجاد علی نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف اور کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر پاک فوج کے افسران اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ میجر شبیر شریف 28 اپریل 1943 کو ضلع گجرات کے قصبہ کنجاہ میں پیدا ہوئے اور پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں تربیت حاصل کرنے کے بعد پاک فوج میں شمولیت اختیار کی۔

انہوں نے 1971ء کی جنگ میں ہیڈ سلیمانکی کے محاذ پر جام شہادت نوش کیا۔ بہادری اور شجاعت کی عظیم مثال قائم کرتے ہوئے اور دشمن کا مادر وطن کی حفاظت کیلئے ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے پر انہیں پاکستان کے اعلی ترین فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا۔

متعلقہ عنوان :