اسلام آباد ،فراش ٹاؤن میں پولیس ،ایلیٹ فورس اور رینجرز کا آپریشن، ایک مبینہ دہشت گرد گرفتار،مکمل خان کا تعلق باجوڑ ایجنسی اور تعلق طالبان سے ہے، پولیس ذرائع،بڑی تعدادمیں بارودی مواد ،دھماکے میں استعمال ہونے والی چارتاریں اور دیگر سامان برآمد ، نواحی علاقوں میں کارروائی کے دوران مزید 12مشتبہ افراد بھی، ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا

اتوار 7 دسمبر 2014 08:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7دسمبر۔2014ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد تھانہ شہزاد ٹاؤ ن کے علاقے فراش ٹاؤن میں پولیس ،ایلیٹ فورس اور رینجرز نے کامیاب آپریشن کے دوران ایک مبینہ دہشت گرد مکمل خان باجوڑ ایجنسی کے رہائشی کو گرفتار کرلیا گیا ،جس کا تعلق تحریک طالبا ن پاکستان سے بتایا گیا ہے ملزم سے بڑی تعدادمیں بارودی مواد ،دھماکے میں استعمال ہونے والی چارتاریں اور دیگر سامان برآمد کرلیاجبکہ نواحی علاقوں میں کارروائی کے دوران مزید 12مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے ۔

پولیس کے مطابق ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے ۔ایس پی رورل زبیر شیخ نے خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور رینجرز کی جانب سے مشترکہ آپریشن میں ایک دہشت گرد جس کا تعلق ٹی ٹی پی سے ہے گرفتار کرکے بڑی تعداد میں بارودی مواد برآمد کرلیا ہے پولیس اور سیکورٹی اداروں کی جانب سے تفتیش کی جارہی ہے کہ ملزم کس کارروائی پر بھیجا گیا ہے جس کے بعد ایف آئی آر کے انداراج کا فیصلہ کیا جائے گا ابھی ملزم کو نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

آپریشن روزمرہ کی بنیاد پر ہورہے ہیں تاہم مخبر کی جانب سے بھی اطلاع دی گئی تھی ۔دریں اثناء وفاقی دارالحکومت کے مضافاتی علاقے کی دو کچی بستیوں میں خفیہ ادارے،پولیس اور رینجرز نے مشترکہ سرچ آپریشن کر کے 12مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیاگیاہے۔

ذرائع کے مطابق تھانہ شہزاد ٹاؤن کے علاقے فراش ٹاؤن فیز ون کچی آباد ی نزد جاپان ڈیم اور کچی آبادی چھٹہ بختاور نزد گرین ایوینو میں خفیہ ادارے،رینجرز اور وفاقی پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 12افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ایک 303رائفل بمعہ 72روند ،تیس بو ر پسٹل بمعہ دو میگزین برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے ۔پولیس کے مطابق ملزمان سٹریٹ کرائم میں ملوث ہیں جن کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیاگیاہے ۔ملزمان سے تفتیش جاری ہے مزید انکشافا ت کا امکان ہے ۔