تین مرتبہ چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ جیتنے والی گرین شرٹس پہلے میچ میں بیلجیئم سے ہار گئی ،ٹورنامنٹ کے پہلے دن انگلینڈ نے آسٹریلیا اور بیلجیئم نے پاکستان کو شکست دے کر فاتحانہ آغاز، انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 3-1، بیلجئم نے پاکستان کو 2-1سے شکست دی،بیلجیئم کی جانب سے ٹینگوئی کزنز اور پاکستان کی جانب سے واحد گول کپتان محمد عمران نے کیا ،گرین شرٹس اپنا دوسرا میچ آج انگلینڈ کیخلاف کھیلے گی

اتوار 7 دسمبر 2014 08:25

بھوونیشور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7دسمبر۔2014ء )بھارت میں جاری چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے پہلے دن انگلینڈ نے آسٹریلیا اور بیلجیئم نے پاکستان کو شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا ہے۔بھوونیشور میں سنیچر کی دوپہر کھیلے جانے والے میچ میں بیلجیئم نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ریڈ لائنز کے نام سے معروف یورپی ٹیم نے گرین شرٹس کے خلاف پہلے کوارٹر کے 12ویں منٹ میں ٹینگوئی کزنز کے گول کی بدولت برتری حاصل کی۔

پہلے کوارٹر میں بیلجیئم کی ٹیم میں کھیل پر چھائی رہی اور پاکستانی ٹیم ایک بھی اچھا حملہ نہ کر سکی۔دوسرے کوارٹر میں پاکستانی ٹیم نے نسبتاً بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم وہ گول برابر کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔اسی کوارٹر میں بیلجیئم کی ٹیم نے میچ کا پہلا پنلٹی کارنر بھی حاصل کیا لیکن وہ بھی اس سے فائدہ نہ اٹھا سکی۔

(جاری ہے)

میچ کے 36ویں منٹ میں پاکستان کو پہلے پنلٹی کارنر اور پھر پنلٹی سٹروک ملا جس پر محمد عمران نے گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔

تاہم تیسرے کوارٹر میں کے آخری منٹ میں بیلجیئم نے ایک اور گول کر کے دوبارہ برتری حاصل کر لی جو آخر تک قائم رہی۔پاکستان ماضی میں تین مرتبہ چیمپیئنز ٹرافی جیت چکا ہے لیکن آخری مرتبہ اسے طلائی تمغہ 20 برس قبل ملا تھا۔اس سے قبل افتتاحی میچ انگلینڈ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر اپ سیٹ کر دیا۔

کالنگا سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے الیسٹر براگڈن نے پہلے کوارٹر کے چھٹے منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوائی۔اس برتری کو دوسرے کوارٹر میں اور میچ کے 27ویں منٹ میں سیموئل وارڈ نے دوگنا کر دیا۔چوتھے کوارٹر میں آسٹریلیا کے کرس کریلو نے پینلٹی کارنر پرگول کر کے انگلینڈ کی برتری کم کر دی۔کھیل کے آخری لمحات میں آسٹریلیا نے میچ برابر کرنے کی کئی کوششیں کیں جو کامیاب نہ ہو سکیں تاہم اسی دوران انگلش ٹیم سیموئل وارڈ کی کوشش کے نتیجے میں ایک اور گول کرنے میں کامیاب رہی۔

متعلقہ عنوان :