کبڈی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے پاکستانی مینز اینڈ وویمنز ٹیمیں بھارت روانہ ،کبڈی ورلڈ کپ کیلئے ٹیمیں میرٹ پر بنائیں، ہمارے کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے فائنل جیتیں گے، رانا مشہود احمد ، کھلاڑی پرعزم ہیں، ان کی تربیت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی، پنجاب کے پسماندہ علاقوں سے کھلاڑی میرٹ پر منتخب کئے،جن کھلاڑیوں کو ویزے نہیں ملے بھارت نے ایک دو روز میں دینے کا وعدہ کیا ہے، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انورکا ٹیموں کی بھارت روانگی کے موقع پر تقریب سے خطاب،پاکستان کی ٹیم کبڈی ورلڈ کپ میں ہارٹ فیورٹ ہے، کیمپ میں کھلاڑیوں کو جدید سہولتوں کے ساتھ تربیت دی گئی، ڈی جی سپورٹس

اتوار 7 دسمبر 2014 08:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7دسمبر۔2014ء)صوبائی وزیر کھیل، تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پانچویں کبڈی ورلڈ کپ کیلئے بھرپور تیاری کی گئی ہے، ٹیم کے انتخاب میں میرٹ کا خاص خیال رکھا گیا ہے، ٹیموں میں پنجاب کے پسماندہ علاقوں سے کھلاڑی میرٹ پر منتخب کئے گئے ہیں ہمارے کھلاڑی پوری فارم میں اور فٹ ہیں، امید کرتے ہیں کہ قومی ٹیمیں کبڈی ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل جیتیں گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کبڈی ورلڈ کپ میں مردوں اور خواتین کی قومی ٹیموں کی بھارت روانگی کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور بھی اس موقع پر موجود تھے، رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ کبڈی ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپ میں بہترین سہولتیں فراہم کی گئیں، عالمی شہرت یافتہ اور کبڈی کے مایہ ناز سابق کھلاڑیوں نے تربیت دی، کیمپ میں تیاری کے دوران ہر پہلو کو فوکس کیا گیا اور کسی قسم کی کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی، رانا مشہود احمدخان نے کہا کہ کبڈی ورلڈ کپ کیلئے مردوں اور خواتین کی ٹیموں کے انتخاب میں میرٹ کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ٹیم میں پسماندہ علاقوں کے کھلاڑی میرٹ پر منتخب کئے گئے ہیں، ہم امید کرتے ہیں کہ ہماری ٹیمیں ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل جیتیں گی، ہمارے کھلاڑی پرعزم ہیں۔ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ بھارت نے یقین دہانی کرائی ہے، کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان کی پوری ٹیم شرکت کریگی۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ٹیم کبڈی ورلڈ کپ میں ہارٹ فیورٹ ہے، کیمپ میں کھلاڑیوں کو جدید سہولتوں کے ساتھ تربیت دی گئی، کیمپ میں جدید ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کیا گیا ہے، کبڈی ورلڈ کپ میں شرکت کرنیوالی دیگر ممالک کی ٹیموں کی خامیوں پر خاص طور پر توجہ دیکر حکمت عملی بنائی گئی ہے۔

میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ ہم سپورٹس کے فروغ پر یقین رکھتے ہیں، ہم سپورٹس کے حوالے سے ایسا نہیں کریں گے جیسا کہ ہمارے ساتھ کیا گیا، بھارت سے جو بھی کھیلنے کیلئے پاکستان آنا چاہتا ہے اس کو پاکستان ویزے دے گا، مجھے بھارتی حکام نے فون کیا اور کہا ہے کہ کبڈی ورلڈ کپ کیلئے جن کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ویزے نہیں لگے ان کو ایک دو روز میں ویزے دے دیں گے۔

کبڈی ورلڈ کپ کیلئے مردوں کی قومی ٹیم میں شفیق چشتی(کپتان)، اکمل شہزاد(نائب کپتان)، محمد عرفان، رحمان اشتیاق، محمد خان، مشرف جاوید، خالد بھٹی، محسن نصیر، محمد رمضان، علی شان، نعیم طاہر، محمد وقاص اکبر ٹیم مینجر اور غلام عباس بٹ کوچ شامل ہیں، خواتین کے سکواڈ میں مدیحہ لطیف (کپتان)،سائرہ سعید(نائب کپتان)، نیلم ریاض، سحرش، ندا ارشد، سائرہ بانو، عمارہ رزاق، آگسٹا اجمل، سعدیہ عبدالخالق، سمیرا ظہور، سیدہ فریدہ خانم، رخسانہ پروین، زینت پروین، راحیلہ، ٹیم مینجرسمیرا ستار اور محمد آصف کوچ شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :