پہلا ونڈے،پاکستان نے نیوزی لینڈ کو تین وکٹوں سے ہرادیا ، سیریز میں 1-0کی برتری حاصل ،حارث سہیل اور شاہد آفریدی کی شاندار بیٹنگ،وننگ پارٹنرشپ قائم کی ،حارث سہیل مین آف دی میچ قرار

منگل 9 دسمبر 2014 08:00

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9دسمبر۔2014ء)پاکستان نے حارث سہیل اور شاہد آفریدی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت دبئی میں میں سیریز کے پہلے ایک روزہ کرکٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو تین وکٹو ں سے شکست دیکر سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کرلی ہے،حارث سہیل کومین آف دی میچ قراردیا گیا ۔پیر کے روز پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو مہمان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 246 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی اننگز کی خاص بات راس ٹیلر کی عمدہ سنچری تھی۔ انھوں نے ایک روزہ کرکٹ میں اپنی 11ویں سنچری آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے مکمل کی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹیلر کے علاوہ کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

(جاری ہے)

اوپنرز ڈین گریم براوٴن لی اور اینٹون ڈیوسچ کی شراکت چھٹے اوور میں اس وقت ختم ہوئی جب احمد شہزاد نے محمد عرفان کی گیند پر براوٴنلی کو کیچ کر لیا۔

محمد عرفان نے ہی دسویں اوور میں کین ولیمسن کو وکٹوں کے پیچھے کیچ کروا کر پاکستان کو دوسری کامیابی دلوائی۔اینٹون ڈیوسچ آوٴٹ ہونے والے تیسرے بلے باز تھے جنھیں ایک وقفے کے بعد دوبارہ پاکستانی ٹیم میں شامل ہونے والے وہاب ریاض نے آوٴٹ کیا۔پاکستان کو چوتھی کامیابی 25ویں اوور میں ملی جب لیتھم 13 رنز بنانے کے بعد رن آوٴٹ ہوگئے۔29ویں اوور میں امپائر علیم ڈار کے نیشم کو ناٹ آوٴٹ دینے پر لیے گئے ریویو کا نتیجہ پاکستان کے حق میں آیا اور یوں شاہد آفریدی نے پاکستان کو پانچویں کامیابی دلوائی۔

محمد عرفان نے رونچی کو یونس خان کے ہاتھوں کیچ کروا کر انفرادی طور پر تیسری اور ٹیم کے لیے چھٹی وکٹ لی۔وہاب ریاض نے 46ویں اوور میں لگاتار دو چوکے کھانے کے بعد ڈینیئل ویٹوری کو بولڈ کر کے پاکستان کو ساتویں کامیابی دلوائی۔ یہ اس میچ میں وہاب کی دوسری وکٹ تھی۔ 247 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا۔

پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف 13 رنز کے مجموعی سکور پر محمد حفیظ صرف چھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کی چوتھی وکٹ 40 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب احمد شہزاد 28 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے جبکہ پانچواں نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب 86 رنز کے مجموعی سکور پر کپتان مصباح الحق 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، چھٹی وکٹ 126 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب سرفراز احمد 26 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے اس کے بعد شاہد آفریدی نے حارث سہیل کے ساتھ ملکر 110رنز کی عمدہ اور وننگ شراکت قائم کی ،شاہد آفریدی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 61رنز بنائے جس میں سات چوکے اور صرف ایک چھکا شامل ہے ا س کے بعد وہاب ریاض حارث سہیل کا ساتھ دینے آئے،حارث سہیل نے 85رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے ،پاکستان نے ہدف آخری اوورمیں تین گیندیں پہلے ہی پوراکرلیا،نیوزی لینڈ کی جانب سے کائل ملز، ویٹوری اور نیشم نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ایک روزہ سیریز میں پانچ میچ کھیلے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :