مشرق وسطی امن مذاکرات فلسطینیوں کی وجہ سے معطل ہوئے ،نیتن یاہو کا الزام ،ایرانی جوہری معاہدے پر پیش رفت کو روکنے میں اسرائیل نے کرداراداکیا،اسرائیلی وزیراعظم کا واشنگٹن میں تھنک ٹینک سے ریکارڈڈ خطاب

منگل 9 دسمبر 2014 08:15

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9دسمبر۔2014ء)اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے گزشتہ روز الزام عائد کیا ہے کہ رواں سال کے اوائل میں مشرق وسطی امن مذاکرات اس لئے معطل ہوئے کیونکہ فلسطینی انہیں ختم کرنا چاہتے تھے،ایک واشنگٹن تھنک ٹینک سے ریکارڈ شدہ خطاب میں نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ مذاکرات اس لئے ختم ہوئے کیونکہ فلسطینی انہیں ختم کرنا چاہتے تھے۔

نیتن یاہو نے بروکنگز انسٹیٹیوٹ کی جانب سے منعقدہ سابان فورم کو بتایا کہ فلسطینی رہنما سادہ طور پر تشدد کا سامنا کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں جس کی منصوبہ بندی ان کے اپنے لو گو ں کی جانب سے کی جاتی ہے اور انہوں نے خبردار کیا کہ فلسطینیوں کے ساتھ کسی قسم کا امن معاہدہ نہیں ہوسکتا جو کہ خطے میں اسرائیلی مسلح افواج کیلئے دیرپا موجودگی کو تسلیم نہیں کرتے ۔

(جاری ہے)

مارچ میں وسط مدتی انتخابات کرانے کے اعلان کے بعد نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ ایک وسیع اور نئے مینڈیٹ کے ساتھ حکومت سامنے آئے گی،جو کہ ان مشکل وقتوں میں صیہونی ریاست کے تحفظ کے قابل ہوگی۔اسرائیلی وزیراعظم نے خطاب میں مزید کہا کہ گزشتہ ماہ تہران کے جوہری پروگرام بارے ایران کے ساتھ معاہدے کو آگے بڑھنے سے روکنے میں اسرائیل نے اہم کردار اد کیا۔

انہوں نے بتایا کہ معاہدے سے ایران ایک مؤثر جوہری طاقت کے طور پر ابھر کر سامنے آتا اور مزید کہا کہ اسرائیل کی آواز اور ہمارے خدشات نے برے معاہدے کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔اسرائیل کھلے عام امریکی قیادت میں ایران کے مشتبہ جوہری پروگرام کو روکنے کیلئے معاہدے کیلئے کوششوں پر تنقید کرچکا ہے اور خبردار کیا تھا کہ صدر باراک اوبامہ کی انتظامیہ کو ایرانی قیادت کے نئے اور زیادہ اعتدال پسند چہرے کے ذریعے بے وقوف بنایا جارہا ہے۔

عالمی طاقتیں جنہیں P5+1کے نام سے جانا جاتا ہے،جو کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کی تیاری سے روکنے کی کوشش کی قیادت کر رہی ہیں،نے اپنی ڈیڈلائن میں 30جون تک توسیع کردی ہے جب وہ معاہدے کیلئے24نومبر کی ڈیڈلائن پر پورا اترنے میں ناکام رہی تھیں۔نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا مقصد اب ایسے معاہدے کیلئے کام کرنا ہے تاکہ تہران کے ہتھیار تیار کرنے کی صلاحیت کو مکمل طور پر ختم کیا جائے۔اسرائیلی رہنما کے بعد امریکی وزیرخارجہ جان کیری ،جنہوں نے امن معاہدے تک پہنچنے کیلئے دیرینہ کوششوں کی قیادت کی،نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ میں ہمت نہیں ہاروں گا۔کیری نے اپریل میں تعطل کا شکار ہونے والے امن مذاکرات کا الزام دونوں فریقین کے درمیان تلخیوں پر عائد کیا تھا۔