تحریک انصاف کا جلسہ شروع ہونے سے قبل ہی اچانک جلسہ گاہ کی لائٹیں بند،ساؤنڈ سسٹم فیل ہوگیا ،جلسے کی انتظامیہ کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا

پیر 20 اپریل 2015 06:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20 اپریل۔2015ء)پاکستان تحریک انصاف کا جلسہ شروع ہونے سے قبل ہی اچانک جلسہ گاہ کی لائٹیں بند ہوگئیں اور ساؤنڈ سسٹم فیل ہوگیا جس کی وجہ سے جلسے کی انتظامیہ کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ شرکائے جلسہ کی بڑی تعداد عمران خان کی تقریر سے قبل واپس چلے گئے۔ تفصیلات کے مطابق عمرن خان اپنی اہلیہ ریحام خان کے ہمراہ جیسے ہی شاہراہ پاکستان پر واقع جلسہ گاہ پر پہنچے اور وہ جب اسٹیج پر چلے گئے تو جلسہ گاہ کی لائٹیں بند ہوگئیں اور ساؤنڈ سسٹم بھی فیل ہوگیا۔

پی ٹی آئی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ جنریٹر میں فنی خرابی کے سبب جلسہ گاہ کی لائٹیں فیل ہوگئی ہیں اور ساؤنڈ سسٹم بند ہوگیا۔ پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ جلسہ گاہ سے ایک روز قبل شاہراہ پاکستان کی لائٹس ایک سازش کے تحت اتارلی گئی تھیں۔

(جاری ہے)

انتظامیہ کو آگاہ کرنے کے باوجود لائٹوں کا انتظام نہیں کیا گیا۔ جلسہ گاہ میں آدھے گھنٹے تک بجلی کی فراہمی معطل رہی۔

ہنگامی بنیادوں پر نیا جنریٹر منگوایا گیا اور بجلی بحال کرنے کی کوشش کی گئی تاہم جلسے کے اختتام تک جلسہ گاہ میں لائٹیں مکمل طور پر بحال نہیں ہوسکیں۔ جلسے کے شرکاء کو قائدین کی آواز سننے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔ جلسہ گاہ میں لائٹ نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں نے اپنے موبائل کی لائٹیں آن کرکے ازخود روشنی کا انتظام کیا۔ جلسے میں لائٹ کی کمی، ساؤنڈ سسٹم میں خرابی کی وجہ سے کافی تعداد میں لوگ اپنے گھروں کو لوٹ گئے اور جلسہ گاہ میں بڑی تعداد میں کرسیاں خالی نظر آرہی تھیں۔

جلسے میں بدنظمی بھی دیکھنے میں آئی۔ پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ ایک سازش کے تحت جلسہ کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی تاہم عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کے ثابت کردیا کہ وہ تبدیلی چاہتے ہیں۔