وادی تیراہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ، 5 دہشت گرد ہلاک،3 سیکیورٹی اہلکار زخمی، علاقے میں سرچ آپریشن تیز

پیر 20 اپریل 2015 06:05

خیبر ایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20 اپریل۔2015ء) وادی تیراہ کے علاقے نیرے بابا میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں 3 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے ہیں جبکہ فورسز کی جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد بھی مارے گئے ہیں۔ زخمی سیکیورٹی اہلکاروں کو فوری طور پر سی ایم ایچ ہسپتال پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کی صبح وادی تیراہ کے نواحی علاقے نہیرے بابا میں سیکیورٹی فورسز اور مسلح دہشت گردوں میں سرچ آپریشن کے دوران شدید جھڑپ ہوئی ہے اور مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے 3 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے ہیں جبکہ فورسز نے بھی زبردست جوابی کارروائی کی ہے جس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کا سلسلہ تقریباً 5 گھنٹے تک جاری رہا ہے۔

(جاری ہے)

جھڑپ کے دوران متعدد دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ فورسز نے علاقے کو مکمل گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن تیز کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق مارے جانے والے دہشت گردوں کا تعلق لشکر اسلام اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے تاہم دہشتگردوں کے نام کی باقاعدہ شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی ہے ہسپتال انتظامیہ کے مطابق 3 سیکیورٹی اہلکاروں کو منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ 1 اہلکار کی حالت تشویشناک ہے۔

متعلقہ عنوان :