جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ طلال اکبر بگٹی حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے،مرحوم کئی عرصہ سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے،گزشتہ رات اچانک صحت خرابی کے باعث کوئٹہ ہسپتال منتقل کیا گیا،مرحوم نے 3 بیٹے سوگواران میں چھوڑے ہیں،صدر ،وزیر اعظم اور دیگر سیاسی و مذہبی رہنماؤں کی طلال اکبر بگٹی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیااورمرحوم کی جمہوریت کیلئے خدمات کو سراہا

منگل 28 اپریل 2015 08:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28 اپریل۔2015ء)سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب اکبر بگٹی شہید کے صاحبزادے عوامی جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نواب زادہ طلال اکبر بگٹی حرکت قلت بند ہونے سے انتقال کر گئے ۔تفصیلات کے مطابق طلال اکبر بگٹی جو طویل عرصہ سے عارضہ قلب اور پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا تھے اور گزشتہ رات اچانک خرابی صحت کے باعث کوئٹہ کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) میں اپنی زندگی کی بازی ہار گئے۔

17 مارچ 1952ء کو پیدا ہونے والے طلال اکبر بگٹی، نواب اکبر بگٹی کے صاحبزادے اور بلوچستان کی ایک اہم سیاسی شخصیت تھے۔ طلال اکبر بگٹی نے اپنی ابتدائی تعلیم ایچی سن لاہور سے مکمل کی ۔ ۔طلال بگٹی نے سوگواران میں تین بیٹے شاہ زین بگٹی، نوابزادہ گہرام بگٹی اور میر چاکر بگٹی چھوڑے ہیں۔

(جاری ہے)

دریں اثناء صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے طلال اکبر بگٹی کے انتقال پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اورکہا کہ طلال اکبر بگٹی کی جمہوریت کیلئے دی جانے والی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان،پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری ،اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی،ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین،جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق ،چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ، گورنرز،سپیکر وڈپٹی سپیکر،چیئرمین وڈپٹی چیئرمین سینٹ اور دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں نے نواب اکبر بگٹی کے صاحبزادے اور جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ طلال اکبر بگٹی کے انتقال پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ان کی ملک کیلئے جمہوری خدمات کو سراہا ہے اور لواحقین کیلئے صبر وجمیل دعا کی ہے۔