دسویں محترمہ فاطمہ جناح نیشنل ویمن سینئرکرکٹ چیمپئن شپ، عمر ایسوسی ایٹس کی ٹیم نے ویمن کرکٹ کے کئی قومی ریکارڈ پاش پاش کر دیئے، عمر ایسوسی ایٹس نے مقررہ پچاس اووروں میں450رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا،جواب میں سیالکوٹ ریجن کی ٹیم 31.1اووروں میں صرف84رنز پر ڈھیر ہو گئی

ہفتہ 16 مئی 2015 08:07

مریدکے(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16 مئی۔2015ء) دسویں محترمہ فاطمہ جناح نیشنل ویمن سینئرکرکٹ چیمپئن شپ کے اہم میچ میں عمر ایسوسی ایٹس کی ٹیم نے ویمن کرکٹ کے کئی قومی ریکارڈ پاش پاش کر دیئے۔ لاہور کنٹری کلب مریدکے میں کھیلے جانے والے اس تاریخی میچ میں عمر ایسوسی ایٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کی اور کئی ریکارڈ توڑنے کی شروعات کر دی۔

پچھلے میچ میں سینچری سکور کرنے والے اوپنر مرینہ اقبال کے 6سکور پر آوٴٹ ہوتے ہی عمر ایسوسی ایٹس کی صدر ہ امین اور اریبہ حنیف نے بھوکی شیرنیوں کی طرح سیالکوٹ ریجن کی باوٴلرز پر جھپٹنا شروع کر دی اور188رنز کی پارٹنر شپ کے بعد اریبہ حنیف20چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے107رنز پر آوٴٹ ہو گئی۔ چوتھے نمبر پر آنے والی ارم جاوید نے سیالکوٹ ریجن کو اپنا بد ترین دشمن قرار دیتے ہوئے چوکوں اور چھکوں کی بارش کرتے ہوئے 8شاندار چھکوں اور پانچ چوکوں کی مد د سے 68گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 104رنز بنائے اور رضیہ کے ہاتھوں آوٴٹ ہو گئی۔

(جاری ہے)

سدرہ امین اور ارم جاوید کے درمیان204رنز کی پارٹنر شپ نے بھی ایک ریکارڈ توڑا۔ اوپنر سدرہ امین 128گیندوں پر 3چھکوں اور 23چوکوں کی مدد سے 178رنز بنا کر رضیہ ملک کے ہاتھوں آوٴٹ ہوئی۔ عمر ایسوسی ایٹس نے مقررہ پچاس اووروں میں450رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ جواب میں سیالکوٹ ریجن کی ٹیم 31.1اووروں میں صرف84رنز پر ڈھیر ہو گئی اور عمر ایسوسی ایٹس کو 366رنز کے ریکارڈ مارجن سے فتحیاب کیا۔

اقراء نواز 30رنز بنا کر ناٹ آوٴٹ رہیں۔ عمر ایسوسی ایٹس کی طرف سے کپتان آسماویہ اقبال نے 15رنز کے عوض چار، سعدیہ یوسف نے 16رنز کے عوض تین جبکہ کائنات امتیاز نے 13رنز دے کر دوکھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔اس میچ میں سب سے بڑے ٹوٹل سکور، سب سے بڑی پارٹنر شپ، تین کھلاڑیوں کی جانب سے سینچری سکور کرنے اور سب سے ذیادہ 14چھکے مارنے کا نیا ریکارڈ قائم ہوا۔ اس میچ میں سجاد الحسن آفیشل سکورر، قیصر خاں اور رفعت مصطفی نے اپمائرنگ کے فرائض سر انجام دیئے۔

متعلقہ عنوان :