محمد حفیظ مشکوک بولنگ ایکشن، پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے رابطہ کر لیا

بدھ 24 جون 2015 08:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24 جون۔2015ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی طرف سے آل راوٴنڈر محمد حفیظ کے مشکوک بولنگ ایکشن کے حوالے سے انہیں 21 دن کے اندر اپنے ایکشن کا معائنہ کرانے کے اعلان کے بعد اپنے بولنگ ایکشن کی درستگی کے لیے آئی سی سی کی منظور شدہ لیبارٹری سے رابطہ کرنا ہوگا۔ اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے رابطہ کر لیا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق آل راوٴنڈر محمد حفیظ کو ساوتھ ا فریقہ میں یا کسی اور ملک میں بولنگ ایکشن ٹیسٹ کرانا ہوگا جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ یہ ٹیسٹ بھارت کے شہر چناہی میں کروایا جاہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے امپائرز پال رائفل اور رچرڈ النگورتھ نے محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کے مشکوک ہونے کے بارے میں رپورٹ دی تھی ۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کے اعلامیئے کے مطابق گال ٹیسٹ میں آل راوٴنڈر محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن مشکوک پایا گیا ہے اس لئے انہیں 21 دن کے اندر ایکشن کا معائنہ کرانا ہوگا تاہم بولنگ ایکشن ٹیسٹ کا نتیجہ آنے تک وہ بولنگ کراسکتے ہیں۔آئی سی سی قوانین کے مطابق کسی بھی بولر کا دوسری مرتبہ بولنگ ایکشن مشکوک ہونے پراسے ایک سال کے لئے بولنگ کرانے پرپابندی عائد کردی جاتی ہے۔ واضح رہے کہ نومبر 2014 میں محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کو مشکوک قرار دیا گیا تھا تاہم اپریل 2015 میں کامیاب ٹیسٹ کے بعدآئی سی سی نے انہیں بولنگ کرانے کی اجازت دے دی تھی۔