یورو زون رہنماؤں کے مابین طویل مذاکرات ، یونان کو نیا بیل آؤٹ پیکیج دینے کا معاہدہ طے پاگیا ، بیل آؤٹ پیکج تیار ہے ، معاہدے میں سنجیدہ اصلاحات اور معاشی مدد فراہم کی گئی ہے ، ڈونلڈ ٹسک

منگل 14 جولائی 2015 09:16

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14 جولائی۔2015ء)یوروزون کے رہنماوٴں کے مابین طویل مذاکرات کے بعد یونان کو نیا بیل آوٴٹ پیکیج دینے کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔ یورپین کونسل کے چیئرمین ڈونلڈ ٹسک نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ یہ معاہدہ متفقہ طور پر طے پایا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بیل آوٴٹ پیکیج تیار ہے۔ انھوں نے یہ بھی لکھا کہ معاہدے میں سنجیدہ اصلاحات اور معاشی مدد فراہم کی گئی ہے۔

تاہم ابھی اس حوالے سے مزید تفصیلات واضح طور پر سامنے نہیں آسکی ہیں۔خیال رہے کہ یوروزون کے رہنماوٴں کے درمیان 17 گھنٹے تک برسلز میں یونان کے معاملے پر ملاقات جاری رہی۔معاہدہ طے پا جانے کے بعد یورپین کاوٴنسل کے چیئرمین ڈونلڈ ٹسک کی جانب سے پریس کانفرنس بھی کی گئی۔

(جاری ہے)

یورپی کمیشن کے سربراہ جین کلاڈ جنکر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یونان کو یورو زون سے باہر نہیں نکالا جائے گا۔

اب توقع کی جا رہی ہے کہ یونان کی پارلیمان بدھ کو یوروزون کی جانب سے کیے جانے والے مطالبات کی منظوری دے گی۔یونان کے علاوہ یوروزون میں شامل دیگر بہت سے ممالک کی پارلیمنٹ نئے بیل آوٴٹ پیکیج کی منظوری دیں گے۔یونانی وزیرِ اعظم ایلکسس تسیپراس نے معاہدہ طے پا جانے کے بعد کہا کہ ہم نے ایک سخت جنگ لڑی ہے، قرض کے اصول و شرائط طے کرنے میں جیت حاصل کی ہے اور پورے یورپ کو عزت اور وقار کا پیغام دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ معاہدہ مشکل ہے مگر ہم نے ملک کے اثاثوں کو باہر جانے سے روک لیا ہے۔

متعلقہ عنوان :