گوجرانوالہ ،سنگدل باپ نے عید کے کپڑے مانگنے پر بچوں کو چلتی گاڑی کے آگے پھینک دیا

منگل 14 جولائی 2015 09:10

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14 جولائی۔2015ء) گوجرانوالہ کے علاقے کوٹلی پیر احمد شاہ میں سنگدل باپ نے عید کے کپڑے مانگنے پر بچوں کو چلتی گاڑی کے آگے پھینک دیا ۔ بچوں کو زخمی حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کے روز گوجرانوالہ کے علاقے کوٹلی پیر احمد شاہ کے مقام پر عید کے کپڑوں کا مطالبہ کرنے پر پتھر دل باپ نے اپنے دو بچوں 7 سالہ آصف اور 8 سالہ کبریٰ کو چلتی گاڑی کے سامنے پھینک دیا ہے ۔

(جاری ہے)

بچوں کی والدہ نسیم بی بی کے مطابق مالی مسائل کی وجہ سے گھر میں اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھا اور عید کے موقع پر بچوں نے باپ سے مطالبہ کیا کہ ان کو عید پر نئے کپڑے دلائے جائیں جس کی حمایت کرنے پر اس کے شوہر نے پہلے گھر میں اس پر اور بچوں پر بدترین تشدد کیا پھر بچوں کو اپنے ہمراہ لے گیا اور گھر کے قریب ہی ایک سڑک پر سے گزرنے والی ایک تیز رفتار کار کے سامنے پھینک دیا جس سے دونوں بچے شدید زخمی ہو گئے ۔ واقع کے بعد دونوں بچوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ہے ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دونوں بچوں کی حالت خطرے سے باہر اور ان کا علاج جاری ہے ۔ جبکہ پولیس نے ملزم باپ کی گرفتاری کے لئے کارروائی شروع کر دی ہے ۔

متعلقہ عنوان :